اسماعیل بقائی 13

ایران کو اپنے دفاع کے لیے موردِ الزام ٹھہرانا غیر ذمہ دارانہ ہے، اسماعیل بقائی

تہران (رپورٹنگ آن لائن) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے ایران اور امریکہ سے ایک دوسرے پر فوجی حملے بند کرنے کی اپیل کے بعد ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران نے کہیں بھی حملہ نہیں کیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ خلیج فارس کے جنوبی ساحل پر واقع امریکی فوجی اڈوں اور اثاثوں کے خلاف ایران کی کارروائیاں بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے حقِ دفاع کا استعمال ہیں۔

بقائی نے کہا کہ آپ کو ان ممالک سے پوچھنا چاہئے جو اپنی سرزمین اور اڈے امریکا کو فراہم کرتے ہیں، بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرانے کے بجائے ایران کو اپنے دفاع کے لیے موردِ الزام ٹھہرانا غیر ذمہ دارانہ ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان کو طنزیہ انداز میں خلیج فارس کے نام سے متعلق سرکاری دستاویزات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ درست نام خلیج فارس ہے، براہِ کرم اقوام متحدہ کی متعلقہ ہدایات پر عمل کریں جن کے مطابق مکمل نام خلیج فارس کا استعمال لازمی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے اپنے بیان میں خلیجی خطے کہا تھا۔

خیال رہے کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے امریکا اور ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حالیہ جھڑپوں کا سلسلہ بند کریں اور ان کے خاتمے کے لیے مذاکرات دوبارہ شروع کریں۔

گوتریس نے خاص طور پر ایران کے خلاف امریکا کے حملوں اور آبنائے ہرمز میں جہازوں پر ایران کے حملوں اور خلیج فارس کے خطے میں امریکہ کے اتحادیوں کے ٹھکانوں پر حملوں کا ذکر کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں