مائیک والٹز 10

ایران رویہ بدلے تو مذاکرات کا دروازہ اب بھی کھلا ہے، مائیک والٹز

نیویارک (رپورٹنگ آن لائن) اقوام متحدہ میں امریکی سفیر مائیک والٹز نے کہا ہے کہ ایران رویہ بدلے تو مذاکرات کا دروازہ اب بھی کھلا ہے، صدر ٹرمپ چاہتے ہیں ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔

اقوام متحدہ میں امریکا کے مستقل مندوب مائیک والٹز نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے زیادہ سے زیادہ دباؤ جاری رکھا جائے گا، ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ 47 سال سے جاری تنازع کا تسلسل ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ اپنے اس مقصد پر توجہ مرکوز رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، ایران دنیا میں دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والا سب سے زیادہ سرگرم ملک ہے، ایران جوہری ہتھیاروں کی آڑ میں دنیا کو یرغمال نہیں بنا سکے گا۔مائیک والٹز نے کہا کہ ایران کو آبنائے ہرمز کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دوسری طرف قطر نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع کرانے کے لیے گزشتہ تقریباً دو ہفتوں سے سفارتی رابطے اور مختلف تجاویز پر بات چیت جاری ہے جبکہ پاکستان بھی دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں شریک ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کے مطابق قطر کی ثالثی ٹیم تہران اور واشنگٹن کے ساتھ رابطے میں ہے اور مذاکرات کی بحالی کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔ماجد الانصاری نے بتایا کہ قطر کو امریکی انتظامیہ کے حکام کی جانب سے یہ یقین دہانیاں بھی ملی ہیں کہ واشنگٹن کسی معاہدے تک پہنچنا چاہتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں