واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن )امریکا کے نئے مندوب برائے افغانستان تھامس ویسٹ، طالبان اور افغانستان میں مستقبل کی کسی حکومت کے بارے میں امریکی توقعات واضح کرنے کے لیے رواں ہفتے اسلام آباد پہنچیں گے۔امریکی میڈیا کے مطابق ایک نیوز بریفنگ میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بتایاکہ تھامس ویسٹ جو ابھی برسلز میں موجود ہیں وہ برطانیہ، پاکستان اور بھارت کا بھی دورہ کریں گے۔نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ان توقعات کو واضح کرتا رہیں گے جو ہم طالبان اور مستقبل کی کسی بھی افغان حکومت سے رکھتے ہیں۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا نیا امن مندوب افغانستان کا دورہ بھی کرے گا، محکمہ خارجہ کے اہلکار نے کہا کہ ایسا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ واضح نہیں کہ تھامس ویسٹ کب طالبان عہدیداروں کے ساتھ دوحہ میں مذاکرات کریں گے۔