سردار ایاز صادق 14

اقلیتیں تمام شعبہ ہائے زندگی میں قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہیں، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملک کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں تعلیم، صحت، دفاع، تجارت سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہیں، آئین پاکستان کے آرٹیکل 25 کے تحت تمام شہری قانون کی نظر میں بلاامتیاز رنگ، نسل، جنس اور مذہب برابر ہیں اور قانونی تحفظ کے مساوی طور پر حقدار ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو ہر سال 11 اگست کو ملک بھر میں ملی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ اقلیتوں کا قومی دن ہمیں باہمی احترام، رواداری، مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 11 اگست 1947ء کو دستور ساز اسمبلی سے اپنے تاریخی خطاب میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے فرمایا کہ ہر شہری اپنے مذہب پر عمل کرنے، اپنی عبادت گاہوں میں جانے اور اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کے لیے آزاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظمؒ کا یہ تاریخی خطاب پاکستان میں مذہبی آزادی، مساوات، برداشت اور قانون کی حکمرانی پر مبنی ایک ایسے معاشرے کی بنیاد فراہم کرتا ہے جہاں تمام شہریوں کو بلا امتیاز رنگ و نسل اور مذہب مساوی حقوق حاصل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان قائد اعظمؒ کے اس وژن پر عمل پیرا ہے اور پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کو مکمل مذہبی آزادی سمیت مساوی حقوق حاصل ہیں۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے ہمیشہ اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ، بین المذاہب ہم آہنگی اور مساوی مواقعوں کی فراہمی کے لیے موثر قانون سازی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اقلیتی ارکان پارلیمان قانون سازی اور قومی امور میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں جو پاکستان کے جمہوری اور شمولیتی نظام کی مضبوطی کا مظہر ہے۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستانی غیر مسلم شخصیات کے کارہائے نمایاں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سی ای گبن، سابق سپیکر پنجاب اسمبلی ایس پی سنگھا، جسٹس اے آر کارنیلیئس، جسٹس دراب پٹیل، جسٹس رانا بھگوان داس، ڈاکٹر رتھ فائو، سکواڈرن لیڈر پاک فضائیہ سیسل چوہدری، گروپ کیپٹن پاک فضائیہ کامران بشیر اور معروف سفارتکار جمشید مارکر سمیت دیگر ممتاز غیر مسلم شخصیات نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں جو ہماری قومی تاریخ کا قابل فخر حصہ ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی بنیاد مساوات، انصاف، مذہبی آزادی اور تمام شہریوں کی یکساں شمولیت میں مضمر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان اقلیتوں کے آئینی حقوق کے تحفظ، مذہبی رواداری کے فروغ اور قومی یکجہتی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ اقلیتوں کا قومی دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں تمام مذاہب کے ماننے والوں نے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواداری، باہمی احترام اور مذہبی آزادی ہی ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن اور آئین پاکستان کی روح کے مطابق ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے جہاں تمام شہری بلاامتیاز مذہب، رنگ و نسل مذہبی آزادی کے ساتھ اپنی زندگی بسر کر سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مساوی مواقعوں کی فراہمی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں