لاہور(رپورٹنگ آن لائن)گور نر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا ہے کہ بزنس کمیونٹی کو مسائل میں ڈالنا نہیں بلکہ مسائل سے نکالنا ہے ۔تاجر برادری کو اعتماد میں لئے بغیر کاروباری طبقے کے متعلق پالیسیاں بنانا مناسب نہیں، بزنس کمیونٹی کا معیشت میں اہم کردار ہے ۔پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تاجروں کا ساتھ دیا اور آئندہ بھی دے گی۔ لاہور کے تاجروں کا وفد گورنر پنجاب سے ملنے گورنر ہاؤس پہنچ گیا اور ملاقات میں گورنر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
وفد نے گورنر پنجاب سے حکومت کی طرف سے تاجروں کے خلاف اپنائی گئی پالیسیوں کے گلے شکوے کئے۔ اس موقع پرگورنر پنجاب نے کہا تاریخ گواہ ہے پیپلز پارٹی سرکاری ملازمین، مزدوروں،کاشتکاروں اور تاجربرادری کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں کھڑی رہی ہے ۔ ہمیں بزنس کمیونٹی پر فخر ہے جو ملک کو بہت بڑا ریونیو فراہم کررہے ہیں۔ تاجر برادری نے گورنر پنجاب سے کہا کبھی دس بجے دکانوں کو بند کرنے کی پالیسی،کبھی پیرا فورس ، کبھی بے جا ٹیکس ، اس سے کاروبار تباہ ہوگئے ہیں، تاجروں کو ساز گار ماحول مہیا کر کے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی لائی جاسکتی ہے ۔
تاجروں کے خلاف بنائی گئی پالیسیاں ملکی معیشت کو تباہ کردیں گی۔حکومت کا رویہ تاجر برادری کے ساتھ اسی طرح رہا تو لوگ کاروبار بند کر کے دوسرے ملک چلے جائیں گے ۔پیپلز پارٹی تاجروں کی من پسند جماعت ہے ،وہ وقت دور نہیں جب لاہور سمیت ملک بھر کی کاروباری برادری پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑی ہوگی۔









