بیرسٹر گوہر 17

اسلام آباد فتح کرنے نہیں ،حقوق مانگنے آرہے ،بیرسٹر گوہر

راولپنڈی ( رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان سے ملاقاتوں سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے ، عدالتوں کے احکامات پر عملدرآمد ہونا چاہیے ،27 ستمبر کو پی ٹی آئی اسلام آباد فتح کرنے نہیں بلکہ اپنے حقوق مانگنے آرہی ہے ، احتجاج پرامن ہوگا اور ریاست یا صوبے کے وسائل استعمال نہیں کئے جائیں گے ۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیاسی کشیدگی ختم کرنے اور اعتماد کی فضا بحال کرنے کے لیے بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرکے علاج کرایا جائے جبکہ مسائل کے حل کے لیے سیاسی مذاکرات ناگزیر ہیں۔اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے انصاف ملنا شروع ہونا اچھی بات ہے لیکن اصل ضرورت عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی ہے۔

انہوں نے کہا جیل کے دروازے توڑنے یا تشدد کا کوئی ارادہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی احتجاج کی قیادت کریں گے اور کسی قسم کے سرکاری یا صوبائی وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے ، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سات سزائیں سنائی جاچکی ہیں، ان کے خلاف تقریباً تین سو مقدمات بنائے گئے اور وہ تین برس سے جیل میں ہیں۔ اعتماد کی فضا بحال کرنے کے لیے ان کا مناسب طبی معائنہ اور علاج کرایا جانا چاہیے ۔

بانی پی ٹی آئی کے علاج کے معاملے پر پوری اپوزیشن ہمارے ساتھ ہے جبکہ احتجاج میں بھی دیگر سیاسی جماعتوں کو ساتھ چلنے کی دعوت دی جائے گی، حکومت کی جانب سے مذاکرات کا اب تک کوئی اشارہ نہیں ملا تاہم پی ٹی آئی سیاسی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں