شیری رحمن 106

اسرائیل پورے خطے کا پولیس مین بننا چاہتا ہے، شیری رحمان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ اسرائیل جارحانہ اور بیقابو ہے جو پورے خطے کا پولیس مین بننا چاہتا ہے۔

ایک انٹرویومیں شیری رحمان نے کہا کہ ایران نے ٹکا کر جواب دیا اور دے بھی رہا ہے، ایران کا ردعمل بھی سب دیکھ رہے ہیں، دنیا میں کشیدگی اونچی سطح پر جاسکتی ہے اگر یہ معاملہ اسی طرح چلتا رہا۔سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ اگر یہ جنگ بڑھتی چلی گئی تو یہ جنگ محدود نہیں رہ سکے گی، امریکی صدر بار بار کہہ رہے ہیں میں امن کرواتا ہوں لیکن کریڈٹ نہیں ملتا۔انہوںنے کہا کہ نیتن یاہو اور نریندر مودی کے نظریات ایک ہیں۔

بھارت نے بلااشتعال خطے میں جنگ مسلط کی، جو باعثِ تشویش ہے،مودی سرکار جس طرح دھمکیاں دے رہی ہے وہ منطقی اور مثبت بات چیت کیلئے تیار نہیں۔پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ پاکستان کا مقدمہ چیئرمین بلاول بھٹو اور ان کے وفد نے بین الاقوامی سطح پر پیش کیا، ماضی میں ایسا نہیں ہوا کہ کسی وفد نے 15 روز میں ایسی سفارتی کامیابی حاصل کی ہو۔شیری رحمان نے کہا کہ جب یورپ سے نکل رہے تھے تو یہ ایران اسرائیل تنازع شروع ہوا، یورپ میں میٹنگ کے دوران ساری توجہ پاکستان پر تھی، لندن میں کشمیر سے متعلق بہت ملاقاتیں ہوئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں