میرا 38

اداکارہ میرا کا مہیش بھٹ فیملی سے اپنے قریبی تعلقات کا انکشاف

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کی معروف فلم اسٹار میرا نے اپنی آنے والی فلم سائیکو کی تشہیر کے دوران بھارتی ہدایت کار مہیش بھٹ اور ان کے خاندان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کا انکشاف کیا ہے۔اداکارہ میرا تین دہائیوں سے زائد عرصے سے شوبز کی دنیا سے وابستہ ہیں۔ وہ ان دنوں مختلف پوڈ کاسٹ میں اپنی فلم کی پروموشن کر رہی ہیں۔ایک گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ انہوں نے مہیش بھٹ کے ساتھ فلم نذر میں کام کیا، جس کے دوران وہ ان کے خاندان کے بہت قریب آ گئیں.

انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ بھارت میں قیام کے دوران مہیش بھٹ کے گھر بھی رہ چکی ہیں اور ان کی فیملی کے ساتھ ان کا رشتہ بہت گہرا رہا ہے۔میرا نے بتایا کہ جب وہ بھارت میں مقیم تھیں، تو بولی ووڈ کی موجودہ ٹاپ اسٹار عالیہ بھٹ بہت چھوٹی تھیں اوران سے خاصی مانوس تھیں، یہاں تک کہ اکثر ان کے ساتھ وقت گزارتی تھیں۔اداکارہ کے مطابق مہیش بھٹ کی فیملی نے انہیں اپنے گھر کے فرد کی طرح رکھا۔میرا نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ان کی نئی فلم بھارت میں ریلیز نہیں ہو پائے گی، ورنہ مہیش بھٹ اور ان کی اہلیہ اسے ضرور دیکھتے اور پسند کرتے۔

ماضی میں یہ خبریں گردش کرتی رہی تھیں کہ میرا نے مہیش بھٹ پر جسمانی تشدد اور غیر مناسب رویے کے الزامات لگائے تھے، تاہم اب میرا کا کہنا ہے کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا تھا۔انہوں نے واضح کیا کہ، مہیش بھٹ نے کبھی مجھے ہراساں نہیں کیا۔ وہ ایک بہت اچھے انسان اور باصلاحیت ہدایت کار ہیں، میں مستقبل میں بھی ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش مند ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں