ٹوکن 9

“آلوؤں کے شہر” سے “ٹوکن کے شہر” تک: اولانقاب کی شاندار تبدیلی کے پسِ پردہ کہانی کیا ہے؟

امریکی ریاست نیویارک کے شمالی علاقے میں ایسٹ فش کِل ایک چھوٹا سا قصبہ ہے، جہاں گزشتہ 50 برس سے آئی بی ایم کے لیے چِپس تیار کی جاتی رہی ہیں۔ حال ہی میں اس قصبے نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلے تین برسوں میں کوئی نیا ڈیٹا سینٹر تعمیر نہیں کیا جائے گا۔

وجہ ترقی کی عدم خواہش نہیں بلکہ بجلی کی کمی ہے۔ تقریباً اسی عرض بلد پر، زمین کی دوسری جانب چین کے اندرونی منگولیا میں اولانقاب اس کے بالکل برعکس منظر پیش کر رہا ہے۔ ہواوے، علی بابا، بائٹ ڈانس جیسی بڑی کمپنیاں یہاں آنے کے لیے قطار میں ہیں۔ مجموعی طور پر 70 لاکھ سے زائد معیاری ریکس کی تنصیب کے معاہدے کیے جا چکے ہیں، جبکہ اسمارٹ کمپیوٹنگ پاور کا تناسب 95 فیصد سے زیادہ ہو چکا ہے۔ گولڈمین ساکس نے اسے”ایشیا پیسیفک کا سب سے بڑا اور تیزی سے پھلتا پھولتا اے آئی کمپیوٹنگ کلسٹر” قرار دیا ہے۔

اس شہر کی ماضی کی “خاص پیداوار” آلو تھی، اسی لیے اسے “چین کا آلوؤں کا شہر” کہا جاتا تھا، لیکن آج اس کی نئی خاص پیداوار کمپیوٹنگ پاور بن چکی ہے۔ بظاہر دیکھا جائے تو یہ محل وقوع اور وسائل کی کامیابی ہے۔ اولانقاب یین شان پہاڑی سلسلے کے شمالی دامن میں واقع ہے، جہاں ہوا اور شمسی توانائی کے وسائل وافر ہیں۔ یہاں نیو انرجی کی تنصیب کی مجموعی صلاحیت 20 ملین کلوواٹ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ گرین بجلی کا حصہ تقریباً 67 فیصد ہے۔

یہاں گھریلو بجلی کی قیمت چین کے بڑے شہروں کے مقابلے میں تقریباً نصف ہے۔ یہ شہر دارالحکومت بیجنگ سے صرف 240 کلومیٹر دور ہے اور براہ راست فائبر آپٹک کیبل کے ذریعے رابطے میں ڈیٹا کے آنے جانے کا وقت صرف 4.2 ملی سیکنڈ ہے۔ یہاں سالانہ اوسط درجہ حرارت 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور تقریباً 10 ماہ تک قدرتی طور پر دستیاب ٹھنڈک کے ذرائع استعمال کیے جا سکتے ہیں، جس سے ڈیٹا سینٹرز کو ٹھنڈا رکھنے کی لاگت میں نمایاں کمی آتی ہے۔ ان تمام عوامل نے مل کر اسے بیجنگ، تھیان جن اور حہ بئی سے ہائی ریئل ٹائم کمپیوٹنگ پاور کی منتقلی کی ضروریات پوری کرنے کے قابل بنا دیا ہے۔

لیکن اصل کامیابی اس بات میں ہے کہ اولانقاب نے “وسائل فروخت کرنے” کے ماڈل کو “کمپیوٹنگ پاور” اور “ٹوکن” فروخت کرنے کے ایک مکمل کاروباری نظام میں تبدیل کر دیا ہے۔ یہاں ڈیٹا سینٹرز کو محض رئیل اسٹیٹ منصوبوں کے طور پر تعمیر نہیں کیا گیا، بلکہ ملک کا پہلا ایسا منصوبہ قائم کیا گیا جس میں ڈیٹا سینٹرز کی گرین بجلی کو براہ راست بجلی کے ذرائع، گرڈ، بجلی کے لوڈ اور توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت سالانہ 848 ملین کلو واٹ آور گرین بجلی خود پیدا کرکے استعمال کی جاتی ہے۔ ہوا، شمسی توانائی اور توانائی ذخیرہ کرنے کے باہمی تعاون کے ذریعے “ہوا چلے گی تو بجلی بنے گی” جیسے اتار چڑھاؤ کے مسئلے سے نمٹا گیا ہے۔

پھر “ٹوکن کیپٹل” کے نام سے تین سالہ ایکشن پلان بھی جاری کیا گیا ہے، تاکہ لارج اے آئی ماڈلز کی ٹریننگ اور ڈیٹا سروسز مقامی سطح پر پروان چڑھ سکیں۔ اسی دوران مشین سازی، ڈیٹا لیبلنگ اور آپریشن و مینٹی ننس سمیت صنعتی شعبوں کی کمپنیاں بھی یہاں لائی گئی ہیں، جس سے مقامی سطح پر روزگار کے بڑے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔یوں ایک ایسا خود کو مضبوط کرنے والا چکر وجود میں آیا ہے جس میں گرین بجلی سستی ہے تو کمپیوٹنگ کی لاگت کم رہتی ہے، لاگت کم ہو تو بڑی کمپنیاں یہاں آنے پر آمادہ ہوتی ہیں، کمپنیاں آتی ہیں تو کمپیوٹنگ ریکس کی طلب اور استعمال یقینی ہوتا ہے اور اس کے بعد متعلقہ سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کا اعتماد پیدا ہوتا ہے۔ اس راستے کو “طلب کے مطابق فراہمی اور ضرورت کے مطابق توسیع” کے اصول کے تحت متعین کیا گیا ہے، نہ کہ پہلے تعمیر کرو اور بعد میں طلب تلاش کرو۔

اس سے بھی گہری سطح پر اولانقاب نے “وسائل” کے تصور کو نئی شکل دی ہے۔وہی سرد موسم، وسیع رقبہ اور وافر ہوا و شمسی توانائی ماضی میں صرف آلو کی کاشت، مویشی پالنے اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کا خیال دلاتے تھے، لیکن آج یہی عناصر لارج اے آئی ماڈلز کی ٹریننگ اور گرین ڈیٹا سینٹرز کے لیے بنیادی اثاثے بن گئے ہیں۔ ٹیکنالوجی کی ترقی اور صنعتی تنظیم میں جدت نے ماضی کی ترقیاتی رکاوٹوں کو اے آئی کے دور میں مسابقتی فائدے میں تبدیل کر دیا ہے۔ اس کے پس منظر میں چین کا “ایسٹ ڈیٹا، ویسٹ کمپیوٹنگ” منصوبہ ہے، جس کے تحت آٹھ بڑے ہبز اور دس بڑے کلسٹرز قائم کیے گئے ہیں اور مختلف علاقے اپنی صلاحیت کے مطابق ترقی کے نئے راستے اختیار کر رہے ہیں۔

اولانقاب کی یہ شاندار تبدیلی دراصل چین کی “دیہی احیا” کی حکمت عملی کی گہری منطق کو سمجھنے کی ایک اہم کنجی بھی ہے۔ چینی طرزِ جدیدیت 1.4 ارب لوگوں کی مشترکہ خوشحالی کا تصور ہے، نہ کہ چند افراد کی جدیدیت۔ مغربی جدیدیت کا راستہ عموماً سرمایے کو شہروں میں مرکوز کرنے اور منافع کو چند سرمایہ داروں تک محدود کرنے کا رہا ہے، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگ اس عمل سے باہر رہ جاتے ہیں۔ چین اس ماڈل کو جوں کا توں اختیار نہیں کر سکتا۔ چین کی دیہی احیا اور مشترکہ خوشحالی کا مقصد محض رقم تقسیم کرنا یا مالی خلا کو بار بار پُر کرنا نہیں، بلکہ دیہی علاقوں میں موجود ان ماحولیاتی اور زمینی وسائل کو، جو ماضی میں مقامی سطح پر موجود تھے لیکن ابھی تک سرمایے میں تبدیل نہیں ہوئے تھے، ایسے اثاثوں کے ذخیرے میں تبدیل کرنا ہے جن سے عام لوگ مسلسل آمدنی حاصل کر سکیں۔ اولانقاب میں کمپیوٹنگ پاور کی تعمیر اسی “وسائل کو اثاثوں میں تبدیل کرنے” کی منطق کی ایک نئی صنعت کی عکاسی ہے۔

زرد مٹی کے سطح مرتفع پر چینی حکومت نے سرمایہ کاری کرکے شمسی توانائی کے آلات نصب کیے اور “سرمایہ کاری کو حصص میں تبدیل کرنے” کے طریقہ کار کے ذریعے حکومتی سرمایہ کاری کو دیہاتیوں کے حصص میں تبدیل کر دیا۔ ایک مرتبہ نصب ہونے والا یہ نظام کئی دہائیوں تک کام کرتا ہے اور گاؤں کو ہر سال مستحکم آمدنی حاصل ہوتی ہے، یوں پورے گاؤں کو غربت سے نکالنے میں مدد ملتی ہے۔ صحرائی علاقوں میں شمسی پینلز کے نیچے گھاس اور مویشی پالنے کو فروغ دیا گیا، جبکہ سبزہ زاروں میں سرد موسم کو استعمال کرتے ہوئے کمپیوٹنگ پاور کے نئے مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔ اصول ایک ہی ہے: بڑے پیمانے کی سرمایہ کاری اور اس سے وابستہ خطرہ حکومت برداشت کرتی ہے، جبکہ ملکیت دیہی اجتماعی تنظیموں اور کسانوں کو حاصل ہوتی ہے اور آمدنی مقامی سطح پر، مقامی لوگوں تک پہنچتی ہے۔

چین کی دیہی احیا کی حکمت عملی کے تحت سرمایے کا دیہی علاقوں کا رخ کرنا زمین پر قبضے اور وسائل کی لوٹ مار نہیں، بلکہ دیہی معاون تنظیموں اور کسانوں کو ملکیت کا بنیادی فریق بنا کر تعاون پر مبنی ترقی ہے۔ اس کے ذریعے کسانوں کو ابتدائی تقسیم ہی کے مرحلے میں اثاثہ جاتی آمدنی حاصل ہوتی ہے۔ اس کا بنیادی مقصد دیہی علاقوں کو چین کی سماجی و اقتصادی ترقی کے اسٹیبلائزر کے طور پر مستحکم رکھنا، طویل مدتی مالی سرمایہ کاری سے وجود میں آنے والے اثاثوں کی ملکیت واضح کرکے انہیں فعال بنانا، سرمایے کے بہاؤ کو نئے سرے سے ترتیب دینا اور ضلعی سطح کو بنیادی اکائی بنا کر شہری و دیہی انضمام کو آگے بڑھانا ہے، تاکہ ماحول دوست ترقی کا ایک نیا راستہ اختیار کیا جا سکے۔

ایک آلو سے کمپیوٹنگ پاور کی اکائی تک، گرین بجلی کی ایک یونٹ سے ایک ٹوکن تک، اولانقاب صرف ایک شہر کی منفرد مثال پیش نہیں کرتا ، بلکہ ایک سوچنے کی نئی راہ ہے ۔ اس میں انسانیت اور فطرت کے تعلق کو متوازن بنانا، اپنے وسائل کی خصوصیات کو بنیاد بنانا، ٹیکنالوجی اور ادارہ جاتی جدت پر انحصار کرنا اور “وسائل کو اثاثوں میں، سرمایے کو حصص میں اور کسانوں کو حصص داروں میں تبدیل کرنے” کے اصلاحاتی طریقہ کار کے ذریعے سرمایے اور صنعت کو دیہی علاقوں تک لانا شامل ہے، تاکہ مقامی آبادی ترقی کے ثمرات، ٹیکنالوجی کی پیش رفت اور جدیدیت کی تبدیلی سے حاصل ہونے والے فوائد میں شریک ہو سکے۔ یہی دیہی احیا کی قومی حکمت عملی کے “اسٹیبلائزر” کی گہری منطق ہے اور یہی انسانیت اور فطرت کے درمیان ہم آہنگ بقائے باہمی پر مبنی چینی طرزِ جدید یت کے راستے کی ایک جیتی جاگتی مثال بھی ہے۔

اولانقاب کے سبزہ زاروں پر گرین بجلی کے سہارے پروان چڑھنے والی ڈیجیٹل ترقی کی نئی قوت مسلسل ترقی کے نئے مناظر کو وسعت دے رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں