احسن اقبال 49

آسٹریلیا سے امریکہ تک دنیا ہماری بہترین سفارتکاری کے قصیدے پڑھ رہی ہے’ احسن اقبال

نارووال (رپورٹنگ آن لائن )وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کا پرچم پوری دنیا میں بلند کر دیا،آسٹریلیا سے امریکہ تک دنیا ہماری بہترین سفارتکاری کے قصیدے پڑھ رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تلونڈی بھنڈراں میں نجی کالج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت لوگوں کو بتاتی تھی کہ پاکستان کا بیڑا غرق اور ستیاناس ہو گیا،ایک لیڈر کی تقریر شروع ہی ستیاناس اور بیڑا غرق سے ہوتی تھی لیکن آج اسی پاکستان نے معرکہ حق میں بھارت کے دانت توڑ کر رکھ دئیے، آج اسٹریلیا سے لے کے امریکہ تک پوری دنیا میں جس ملک کے چرچے ہیں تو وہ پاکستان ہے، آج اگر دنیا کے لیڈر جس ملک کو شاباش دے رہے ہیں تو وہ پاکستان ہے،آج دنیا جس کی بہترین سفارتکاری کے قصیدے پڑھ رہی ہے تو وہ پاکستان ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اللہ نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کا پرچم پوری دنیا میں بلند کر دیا، تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں، جب بھی مسلم لیگ (ن)کی حکومت آئی پاکستان کا وقار بلند ہوا، مسلم لیگ (ن)کی قیادت میں ملک نے ہر شعبہ میں ترقی کی،قائد نواز شریف نے پوری دنیا کا دبا ئوٹھکرا کر ایٹمی دھماکے کیے، نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ اگر ایران جنگ جاری رہتی تو تیل کی قیمت 600روپے لیٹر سے اوپر چلی جاتی، اگر تیل کی قیمت اس بلندی پر جاتیں تو دنیا کے 193 ملکوں کی معیشت بیٹھ جاتی،آج پاکستان کی قیادت صرف پاکستان کی محسن نہیں بلکہ 193 ملکوں کی محسن ہے۔

علاوہ ازیں احسن اقبال نے نارووال میں یونیورسٹیوں کے قیام کے متعلق بیان میں کہا کہ یہ میرے لیے بیحد باعث مسرت اور قلبی اطمینان کی بات ہے کہ نارووال میں یونیورسٹیوں کے قیام سے سب سے زیادہ فائدہ ہماری بیٹیاں اٹھا رہی ہیں، آج یہی بیٹیاں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر نہ صرف اپنی زندگی بدل رہی ہیں بلکہ اپنے خاندانوں کے مستقبل کو بھی روشن کر رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں