عبدالعلیم خان 15

آزادی جیسی عظیم نعمت کی قدر و حفاظت ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے، عبدالعلیم خان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)79ویں یومِ آزادی کے موقع پر صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے جس کی قدر اور حفاظت ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔

عبدالعلیم خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم جدوجہد، لازوال قربانیوں اور قائداعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت کا ثمر ہے، یومِ آزادی ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد کرنے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر کاربند رہنے کا درس دیتا ہے،ملکی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگاجبکہ پاکستان کی مضبوطی اور ترقی ہی ہماری اجتماعی ترجیح اور قومی ذمہ داری ہونی چاہیے۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی اوروفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیوں کی مرہونِ منت ہے، یومِ آزادی کے موقع پر ہم وطنِ عزیز کے شہداء و غازیوں اور ان کے عظیم خاندانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے، قوم کو اپنے مستقبل کے حوالے سے پْرامید رہنا چاہیے، پاکستان نے مشکل حالات میں بھی ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے اور انشاء اللہ قومی اتحاد، سیاسی استحکام اور مسلسل محنت سے ملک مزید مضبوط اور خوشحال بنے گا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمیں اس یومِ آزادی پر عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کو قائداعظم کے وژن کے مطابق ایک مضبوط، خوشحال، ترقی یافتہ اور مستحکم ملک بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے، وطنِ عزیز کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور پوری قوم کو اتحاد و اتفاق کے ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں