محمد جاوید قصوری 50

آئی پی پیز کو سالانہ 3400 ارب روپے کی ادائیگیاں تشویشناک ہیں’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کو سالانہ 3400 ارب روپے کی ادائیگیاں ملکی معیشت پر ایک بڑا بوجھ اور لمحہ فکریہ ہیں،جب تک ملک میں فرسودہ اور ظالمانہ نظام برقرار رہے گا، کرپٹ اشرافیہ کو لوٹ مار سے کوئی نہیں روک سکتا۔ اوپر سے لے کر نیچے تک کرپشن ایک ناسور کی صورت اختیار کر چکی ہے جو قومی اداروں اور ملکی بنیادوں کو مسلسل کھوکھلا کر رہی ہے،عوام جماعت اسلامی کی قوت بنیں ، ہم ہی حقیقی تبدیلی لا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ممبر سازی مہم کے دوران مختلف اضلاع کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ذمہ داران ، ارکان و کارکنان کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمران طبقے کی ناقص معاشی پالیسیوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ مہنگی بجلی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے غریب اور متوسط طبقے کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے جبکہ ملک میں بے روزگاری اور غربت میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ آئی پی پیز معاہدوں نے قومی خزانے کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور عوام سے بجلی کے بلوں کی صورت میں بھاری ٹیکس اور اضافی سرچارج وصول کیے جا رہے ہیں۔ حکمران اشرافیہ نے اپنی عیاشیوں اور مفادات کے تحفظ کے لیے عوام کو مہنگائی کے سمندر میں دھکیل دیا ہے۔

موجودہ حکمرانوں کے پاس نہ تو کوئی واضح معاشی روڈ میپ ہے اور نہ ہی عوام کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے کوئی عملی منصوبہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں حقیقی تبدیلی، شفاف احتساب اور عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ مہنگی بجلی، ظالمانہ ٹیکسوں اور قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف جماعت اسلامی 15 جولائی کو اسلام آباد میں بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ اس احتجاجی مظاہرے میں ملک بھر سے عوام شریک ہوں گے اور حکمرانوں کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ پاکستانی قوم اب مزید ظلم، ناانصافی اور معاشی استحصال برداشت نہیں کرے گی۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک میں حقیقی اور مثبت تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ پاکستان کو معاشی استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں