محمد جاوید قصوری 16

آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بنایا جانے والا بجٹ قوم کے مفاد میں نہیں’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے وفاقی بجٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بنایا جانے والا بجٹ قوم کے مفادات کے خلاف اور قومی خودمختاری کی پامالی ہے،پاکستان نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کے نرغے میں ہے جن سے عوام کو کسی خیر کی توقع نہیں رہی،گزشتہ کئی برسوں سے عوام کو ترقی، خوشحالی اور ریلیف کے نام پر صرف وعدے اور دعوے دیے گئے جبکہ عملی طور پر مہنگائی، بے روزگاری اور غربت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔ سرکاری ملازمین، پنشنرز اور محنت کش طبقہ شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔ اشیائے خوردونوش، بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات، ادویات اور تعلیمی اخراجات میں ہوشربا اضافے نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ایسے حالات میں اگر حکومت عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہتی ہے تو اس کے سنگین سماجی اور معاشی نتائج برآمد ہوں گے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکمران طبقہ اپنی مراعات، پروٹوکول اور شاہانہ اخراجات کم کرنے کے لیے تیار نہیں جبکہ سارا بوجھ غریب عوام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

نئے ٹیکسوں اور بالواسطہ محصولات کے ذریعے عام آدمی کی جیب پر مزید ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔ ملک کے لاکھوں نوجوان بے روزگار ہیں، صنعتیں بند ہو رہی ہیں، کاروباری سرگرمیاں سکڑ رہی ہیں اور کسان و مزدور شدید مشکلات کا شکار ہیں، مگر حکومت کے پاس ان مسائل کے حل کے لیے کوئی واضح حکمت عملی موجود نہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجٹ میں عوامی فلاح کو اولین ترجیح دی جائے، تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے، کم آمدنی والے طبقات کو ٹیکسوں سے نجات دی جائے، بجلی اور گیس کے نرخ کم کیے جائیں اور کسانوں کو سستی زرعی مداخل فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو آئی ایم ایف کی غلامی سے نکال کر خود انحصاری کی بنیاد پر معاشی پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ اور ظالمانہ معاشی پالیسیوں کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ حکومت اگر عوامی مسائل حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کرتی تو عوام کا اضطراب اور بے چینی مزید بڑھے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں