کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیرِ بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں دنیا ایک بڑی خوشخبری سنے گی۔تفصیلات کے مطابق وزیرِ بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور کو پاکستان کی تاریخی سفارتی جیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قیادت اور عوام اس عمل سے انتہائی پر امید ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا پاکستان نے خطے کو ایک بڑی جنگ سے بچانے کے لیے جرات مندانہ قدم اٹھایا ہے۔ آج دنیا کے کروڑوں لوگ اس امن دشمنی کو ختم کرنے پر حکومتِ پاکستان کے شکر گزار ہیں۔انہوںنے کہا کہ امریکہ سمیت دنیا کے بڑے ممالک آج پاکستان کو ایک پر امن اور ذمہ دار ملک ماننے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ یہ مذاکرات پاکستان کے دشمنوں پر “بجلی بن کر گرے ہیں۔صوبائی وزیر نے اس تاریخی کامیابی کا سہرا ملکی قیادت کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ صدرِ مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اس نازک مرحلے پر تاریخ رقم کی ہے۔
انہوں نے خاص طور پر ذکر کیا کہ فیلڈ مارشل نے مذاکرات کے دوسرے دور کو یقینی بنانے کے لیے غیر معمولی کوششیں کی ہیں۔وزیرِ بلدیات نے پر اعتماد لہجے میں کہا کہ “انشا اللہ! پاکستان، ایران اور امریکہ کے درمیان مکمل جنگ بندی کرانے میں کامیاب ہوگا اور آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں دنیا ایک بڑی خوشخبری سنے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا پرچم پوری دنیا میں امن کے داعی کے طور پر بلند ہو رہا ہے۔ اسلام آباد مذاکرات کا دوسرا دور نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ عالمی معیشت اور امن کے لیے بھی سنگِ میل ثابت ہوگا۔









