محمد یوسف

90ہزار حاجی سرکاری طور پر جائیں گے، حج سے متعلق انتظامات حتمی مراحل میں ہیں، سردار محمد یوسف

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر مذہبی امور و ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ 90 ہزار حاجی سرکاری طور پر جائیں گے، حج سے متعلق انتظامات حتمی مراحل میں ہیں،ہمارا ٹریننگ کا پہلا سیشن مکمل ہوگیا ہے.

دوسرا مرحلے کا تربیتی کیمپ 8 اپریل سے شروع ہوگا، حجاج وہاں تیاری کے ساتھ جائیں، ٹریننگ پر زیادہ کام کیا جا رہا ہے۔حاجی کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حج اور عمرے کا تعلق عقیدے کے ساتھ ہے، جو بھی اس حوالے سے کام کیا جاتا ہے وہ عقیدہ ہے، اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے ، ان کی ہدایت پر عمل کر رہے ہیں، حجاج کو ویکسی نیشن سمیت دیگر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ بزرگ حجاج خاص خیال رکھا جائے، پنجاب یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں تربیت دی جائے گی، ملک بھر میں جب پروازیں شروع ہوں گی، افسروں کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی۔انہوںنے کہاکہ لانگ ٹرم حج 10 لاکھ 50 ہزار تک چلا گیا ہے جبکہ شاٹ ٹرم 11 لاکھ 50 ہزار روپے میں ہوگا، جو پیسے بچ جاتے ہیں وہ حاجی کو واپس کر دیئے جاتے ہیں جو کہ حاجیوں کا حق ہے، 2 مہینے باقی رہ گئے ہیں، حاجیوں کیلئے اچھے انتظامات ہوں گے.

وہاں سعودی حکومت بھی بہتر سے بہتر انتظامات کرتی ہے۔وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ حجاج کی سہولت کیلئے میڈیکل مشن، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر انتظامات بہتر کئے ہیں، یہ انتظامات سعودی حکومت خود کرتی ہے، مجھے آج تک اطلاع نہیں ہے کہ کسی حاجی نے بھیک مانگی ہو، بھکاریوں کو لے جانے والی کمپنی کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا،بھیک مانگنے پرجوڈی پورٹ ہوا اس کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

انہوںنے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ گیا ہوں،رمضان المبارک کے آخری عشرے میں وہاں حج انتظامات دیکھے ،سعودی عرب میں متعلقہ لوگوں سے بھی ملاقات ہوئی،ملک بھر سے فلائٹ آپریشن کے لیے خصوصی ڈیوٹی لگائی جائیں گی ۔ انہوں نے ویزے پرپابندی کے حوالے سے کہا کہ حج سے قبل پہلے بھی عمرہ ویزہ بند کردیئے جاتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ قائد نواز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو تحفہ دیا،مسلم لیگ (ن) کی اتحادی حکومت ہے،کوشش یہ رہی ہے کہ ایسی پالیسی بنائی جائے جس سے عام افراد کو فائدہ ہو۔