اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ نے 9 مئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت بدھ تک ملتوی کر دی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جس فریق نے کوئی دستاویزات جمع کروانے ہیں آج کروا دے، دستاویزات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی جس میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس شفیع صدیقی بھی شامل ہیں۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر روسٹرم پر آئے تو چیف جسٹس نے کہا کہ فریقین کی جانب سے دستاویزات جمع کروائی گئی ہیں، ہمیں ان دستاویزات کا جائزہ لینا ہے۔
وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے پاس انسداد دہشت گردی عدالتوں کے فیصلے بھی ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ جو بھی دستاویزات دینا چاہیں جلدی جمع کروا دیں، پراسیکیوشن سائیڈ بھی ملزم کی جمع کروائی گئی دستاویزات کا جائزہ لے لیں۔سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر پیش ہوئے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ ملزم کی جانب سے جمع کرائی گئی کچھ دستاویزات وہ نہیں دیکھ سکے، اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ بہتر ہوگا کیس کی سماعت کل ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردی جائے تاکہ تمام فریقین کو موقع مل سکے۔
وکیل عمران خان نے وضاحت کی کہ جمع کرائی گئی دستاویزات میں صرف عدالتی فیصلے شامل ہیں، تاہم چیف جسٹس نے کہا کہ جو بھی دستاویزات ہیں، ان کا جائزہ لینا ضروری ہے اور جس فریق نے بھی کوئی مواد پیش کرنا ہے وہ آج ہی جمع کرا دے۔مزید برآں چیف جسٹس نے ہدایت دی کہ استغاثہ بھی بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کا جائزہ لے، عدالت نے سماعت بدھ تک ملتوی کرتے ہوئے تمام فریقین کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت دی۔