لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) 9مئی کے واقعات کی کوریج کرنے والے ڈیجیٹیل میڈیا سے منسلک افراد کی گرفتاریوں کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ۔شہری نبیل رشید نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی جس میں حکومت پنجاب، آئی جی پنجاب، سی سی پی او کو فریق بنایا گیاہے۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ 9مئی کے واقعات کو الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ڈیجیٹیل میڈیا نے بھی رپورٹ کیا، الیکٹرانک اور ڈیجیٹیل میڈیا کی فوٹیجز سے شرپسند عناصر کو قانون نافذ کرنے والے ادارے گرفتار کر رہے ہیں مگر فوٹیجز بنانے اور واقعہ کو رپورٹ کرنے والے الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے افراد کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے۔ درخواست گزار نے مزید موقف اپنایا کہ آئین پاکستان آزادی اظہار رائے پرقدغن عائد نہیں کرتا،
قوانین کے تحت پیشہ ور صحافیوں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی آزادی ہے،نومئی کے واقعات کی کوریج کرنے والے صحافیوں،سوشل میڈیا سے منسلک افراد کے گھروں پرچھاپے مارکرگرفتار کیاجارہاہے، گرفتاری کے دوران چادر چاردیواری کا تحفظ پامال کیا جا رہا ہے، جیو فینسگ میں ڈیجیٹیل میڈیا افراد کی لوکیشن آنے پر انہیں گرفتار کرکے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔معزز عدالت سے استدعا ہے کہ پولیس کو سوشل میڈیا سے منسلک کی گرفتاریوں سے روکنے اور گرفتار صحافیوں کی بازیابی کا حکم دیا جائے ۔