حافظ نعیم الرحمن 18

5 اگست 2019 ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، حافظ نعیم

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 تحریکِ آزادی کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، جس سے مسئلہ کشمیر مزید پیچیدہ اور متنازعہ ہو گیا۔

انہوں نے کہا بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو سات برس مکمل ہو چکے ہیں، تاہم ان اقدامات سے نہ تنازعہ کشمیر کی حیثیت تبدیل ہوئی اور نہ ہی کشمیری عوام کے عزم میں کوئی کمی آئی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مودی حکومت کا یہ اقدام اقوامِ متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور عالمی اصولوں کی صریح خلاف ورزی تھا، جو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے بھارتی دعوے پر بھی سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ عالمی برادری اور سلامتی کونسل کے لیے بھی ایک کھلا چیلنج ہے، بھارت گزشتہ 78 برس سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور قتل و غارت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، مگر کشمیری عوام کی آزادی کی خواہش کو دبایا نہیں جا سکا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ اپنی دلی وابستگی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔”

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کامیاب ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں