منعم ظفرخان 13

4 اکتوبر کو غزہ مارچ ہوگا، اہل کراچی شرکت کریں، منعم ظفر

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 4 اکتوبر کو شاہراہ قائدین پر غزہ مارچ کرے گی، جس سے حافظ نعیم الرحمٰن خطاب کریں گے۔

انہوں نے اہل کراچی سے مارچ میں شرکت کی اپیل کی ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ 7 اکتوبر کو غزہ پر اسرائیلی حملوں کو 3 سال مکمل ہوجائیں گے، غزہ کو ملبے میں تبدیل کردیا گیا ہے جہاں تعلیمی ادارے اور مساجد بھی محفوظ نہیں رہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ غزہ میں 74 ہزار افراد شہید کیے جاچکے ہیں، جن میں 45 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں، جبکہ پونے 2 لاکھ افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ ان کے مطابق مغربی کنارے میں بھی لوگوں کو گھروں سے بے دخل کیا جارہا ہے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ ایران پر حملہ ہوا اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے، ان حملوں کا مقصد خطے میں کسی کو کھڑا نہ ہونے دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے، جبکہ یورپ میں لوگ اپنے حکمرانوں سے ان مظالم کے بارے میں سوال کرنے لگے ہیں۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے صومالیہ میں آپریشن کے دوران 3 پاکستانی یرغمالیوں کی شہادت پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ کی جانب سے اب تک کچھ نہیں بتایا گیا، حکومت نے اپنے شہریوں کو تنہا چھوڑ دیا اور ان کے تحفظ کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے ایسے ہی ایک واقعے میں اپنے شہریوں کو آزاد کروایا، تاہم پاکستانی حکومت خاموش تماشائی بنی رہی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں