محمد جاوید قصوری 15

3ستمبر کو ملک گیر ہڑتال، حکمرانوں کے لئے نوشتہ دیوار ہوگی’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو مہنگائی، بھاری ٹیکسوں اور مسلسل بڑھتے ہوئے بجلی و پٹرول کے اخراجات کے بوجھ تلے دبا دیا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ عوام اپنے جائز مطالبات کے لیے بھرپور آواز بلند کریں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور پٹرولیم لیوی کے خاتمے سمیت دیگر عوامی مطالبات کے حق میں 3 ستمبر کو بھرپور ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی ،تاجر برادری ہمارے ساتھ کھڑی ہے ۔

حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے ، جماعت اسلامی کا دھرنا 16روز سے جاری ہے اور اس وقت تک سڑکوں پر بیٹھے رہیں گے جب تک حکمران بے حسی ختم کرکے عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرتے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تاجروں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ براہِ راست عام آدمی کی زندگی کو متاثر کر رہا ہے، جبکہ حکومت پٹرول پر فی لیٹر بھاری پٹرولیم لیوی اور ٹیکسز وصول کر رہی ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے نت نئے ٹیکس عائد کرکے ان کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ فوری ختم کی جائے، آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی کی جائے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔

صنعت کار، تاجر، وکلا، علما، طلبہ، مزدور اور سول سوسائٹی سمیت معاشرے کے تمام طبقات اپنے حقوق کے لیے متحد ہوں۔محمد جاوید قصوری نے عوام سے اپیل کی کہ 3 ستمبر کو اپنے حق کے لیے گھروں سے نکلیں اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔یہ احتجاج کسی ایک طبقے کا نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کے حقوق کی آواز ہے۔ مہنگائی، بھاری ٹیکسوں اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ عوام پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں بجلی، پٹرول اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں اضافے نے ان کے لیے زندگی مزید مشکل بنا دی ہے۔ جماعت اسلامی اپنے جائز مطالبات کی منظوری تک پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں