فاروق ستار 8

28ویں ترمیم سے پہلے نئے انتظامی یونٹس پر ریفرنڈم ہوگا،فاروق ستار

لاہور(نمائندہ خصوصی )متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ 28ویں آئینی ترمیم سے پہلے نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر عوامی ریفرنڈم ہوگا جس کے لیے دسمبر 2026ء کی تجویز زیر غور ہے،بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان نے سندھ میں شہری اور دیہی آبادی کے درمیان برسوں کی کوششوں سے قائم ہونے والی یکجہتی کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

سندھ کی تقسیم کا تاثر دے کر شہری اور دیہی سندھ کو دوبارہ تصادم کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام عوام کو اپنے وسائل، ترقی اور مستقبل کا مالک بنانے کا راستہ ہے۔ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ بلاول بھٹو کے بیان سے ان کے سیاسی مستقبل اور آئندہ انتخابات کے بعد وزارت عظمی کے منصب تک پہنچنے کی سیاسی امیدوں کو بھی دھچکا لگا ہے۔بلاول بھٹو کے بیان سے ایسا تاثر پیدا ہوا ہے جیسے انتظامی یونٹس کا قیام سندھ کی تقسیم کے مترادف ہو حالانکہ یہ دونوں الگ معاملات ہیں۔سندھ کا جغرافیہ اپنی جگہ برقرار رکھتے ہوئے 3یا 6انتظامی یونٹس قائم کیے جا سکتے ہیں، اس لیے عوام کو اس معاملے پر فیصلہ کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ لاڑکانہ، نوابشاہ اور سندھ کے دیگر علاقوں کے عوام سے آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6کے تحت ریفرنڈم کے ذریعے پوچھا جائے کہ آیا وہ موجودہ طرزِ حکمرانی سے مطمئن ہیں یا نہیں۔عوام کو یہ فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے کہ وہ گزشتہ 18سال کی حکمرانی، تعمیر و ترقی کی صورت حال اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے مطمئن ہیں یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کو سالانہ تقریباً 600ارب روپے کے وسائل ملتے ہیں، لیکن ان وسائل کے استعمال اور ترقیاتی ترجیحات کا فیصلہ مقامی سطح پر ہونا چاہیے۔نئے انتظامی یونٹس قائم ہونے سے متعلقہ علاقوں کے چیف ایگزیکٹیو اپنے وسائل کے مطابق سڑکوں، پانی، نکاسی آب، صفائی، تعلیم، صحت اور روزگار کے منصوبوں کو ترجیح دے سکیں گے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ لاڑکانہ اور نوابشاہ سمیت سندھ کے تمام علاقوں میں باصلاحیت نوجوان موجود ہیں، جنہیں ترقی اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں،نئے انتظامی یونٹس سے اختیارات کی مرکزیت ختم ہوگی، مقامی سطح پر فیصلہ سازی ممکن ہوگی اور چند سو خاندانوں کی سیاسی اجارہ داری کو چیلنج کیا جا سکے گا۔

انہوںںے کہا کہ بلاول بھٹو کے بیان سے سندھ میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو تقویت مل سکتی ہے، جس سے اردو بولنے والے مہاجر اور سندھی بولنے والے شہری ایک بار پھر ایک دوسرے کے مقابل آ سکتے ہیں۔بلاول بھٹو کی جانب سے اپنے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہونے سے متعلق بیان سیاسی عدم استقامت اور ناپختگی کا اظہار ہے۔ایک سیاسی رہنما کو ایسے حساس معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کیونکہ اس قسم کے بیانات عوام میں اشتعال پیدا کرنے اور معاشرتی تقسیم کو بڑھانے کا سبب بن سکتے ہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے تجویز دی کہ نئے انتظامی یونٹس اور ملکی انتظامی ڈھانچے کی ازسرنو تشکیل کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے، جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ سکیورٹی اور ریاستی اداروں کو بھی مدعو کیا جائے۔امید ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتیں اس معاملے پر اتفاق رائے پیدا کریں گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی خاموشی کو بھی اس معاملے میں نیم رضامندی کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے اور قومی مکالمے کے ذریعے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں