شفیع جان 14

27 ستمبر کے احتجاج کی ملک گیر سطح پر بھرپورتیاریاں جاری ،وزیراعلیٰ نے حلقہ میں جلسہ انعقاد کرکے سٹریٹ موومنٹ کا اآغاز کردیا،شفیع جان

کوہاٹ (رپورٹنگ آن لائن) خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع اللہ جان نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کے اعلان کردہ احتجاج کے لیے ملک گیر سطح پر بھرپور تیاریاں جاری ہیں اور خیبرپختونخوا سے 20 لاکھ افراد اسلام آباد میں احتجاج میں شرکت کریں گے۔

گزشتہ روز مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع اللہ جان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنے حلقے میں جلسے کے انعقاد کے ذریعے ضلع خیبر سے سٹریٹ موومنٹ کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ بنوں اور اس کے بعد مالاکنڈ میں جلسے منعقد کیے جائیں گے جبکہ بعد ازاں پنجاب، سندھ اور بلوچستان کا رخ کیا جائے گا تاکہ اسٹریٹ موومنٹ اور جلسوں کے ذریعے عوام کو احتجاجی تحریک کیلئے متحرک کیا جا سکے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 27 ستمبر کے احتجاج کی تاریخ تمام پارٹی قیادت اور اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد مقرر کی گئی ہے۔ ان کے بقول احتجاج کے لیے تقریباً 45 دن کا وقت موجود ہے اور اس دوران مکمل تیاری کے ساتھ آگے بڑھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ احتجاجی سرگرمی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس مرتبہ کسی قسم کی غلطی کی گنجائش نہیں چھوڑی جائے گی جبکہ کسی بھی ممکنہ کمی یا خلا کو دور کرنے کے لیے بھرپور منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔شفیع اللہ جان نے کہا کہ پشاور سے احتجاجی سرگرمی کے آغاز کے موقع پر بڑی تعداد میں کارکنوں کی شرکت متوقع ہے۔ ان کے مطابق یہ سرگرمی صرف ایک روز تک محدود نہیں رہے گی بلکہ کئی ہفتوں یا اس سے بھی زیادہ عرصے تک جاری رہ سکتی ہے جس کے لیے انتظامی اور دیگر ضروری امور کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹریٹ موومنٹ کے ذریعے عوام کو متحرک کرنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ نوجوانوں کو تحریک کا خصوصی مرکز بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق یونیورسٹیوں کے دوبارہ کھلنے کے بعد نوجوانوں کے لیے سیمینارز بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ انہیں احتجاجی تحریک میں شامل کیا جا سکے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اسلام آباد جائیں گے، جبکہ 27 ستمبر کو ملک کے مختلف حصوں میں بھی احتجاجی سرگرمیاں دیکھنے کو ملیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں