لاہور ہائی کورٹ 23

27ویں آئینی ترمیم کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے درخواست گزاروں کو پٹیشن میں ضروری ترمیم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔

جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں جسٹس جواد حسن اور جسٹس سلطان تنویر احمد نے کیس کی سماعت کی ،وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصر احمد مرزا عدالت میں پیش ہوئے، پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل محمد نوید شیخ ،اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل محمد عثمان خان، الحافظ ظہیر ناصر اور دیگر لاء افسران بھی موجود تھے،سماعت کے دوران جسٹس صداقت علی خان نے درخواست گزار کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 174پڑھیں،

آرٹیکل 174کے تحت اسلامی جمہوریہ پاکستان کو فریق بنانا ضروری ہے،آپ نے وفاق کو فریق بنایا ہے، اسلامی جمہوریہ پاکستان کو نہیں۔وکیل اظہر صدیق نے جواب دیا کہ ہم ہاتھ سے لکھ کر اسلامی جمہوریہ پاکستان کو فریق بنا دیتے ہیں۔

جس پر جسٹس صداقت علی خان نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے آئینی ترمیم چیلنج کی ہے، عدالت بھی آئین کے مطابق چلے گی،ہاتھ سے لکھنے کی گنجائش نہیں، باقاعدہ ترمیم کرکے جمع کروائیں۔عدالت نے پٹیشن میں ترمیم کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں