محمد جاوید قصوری 53

20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے تک اضافہ قابل مذمت

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے موجودہ حکومت کو”فارمـ47 حکومت”قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکمران توانائی، مہنگائی اور مالیاتی بحرانوں سے نمٹنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ان کے پاس کوئی مؤثر منصوبہ موجود نہیں، ملک میں مہنگائی کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے جبکہ بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے تک اضافہ حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت میں اتنا بڑا اضافہ اس بات کی علامت ہے کہ حکومت عوامی مسائل سے مکمل طور پر لاتعلق ہو چکی ہے۔ متوسط اور دیہاڑی دار طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے، جن کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنتا جا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے ٹیکسوں کی بھرمار اور یوٹیلیٹی بلوں میں مسلسل اضافے نے عوام کو شدید مالی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔ بجلی کے بھاری بل، گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ملکی معیشت کو مزید کمزور کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں کی پالیسیوں کے نتیجے میں نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ بے روزگاری میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

جماعت اسلامی کے رہنما نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مہنگائی پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹھوس حکمت عملی پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات نہ کیے تو ملک میں بے چینی اور اضطراب مزید بڑھ سکتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور مہنگائی، کرپشن اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں