کامران ٹیسوری

1500ویں جشن ولادت پر ٹکٹ اور سکہ کے اجراء کے لئے گورنراسٹیٹ بینک اور وزیراعظم کو خط لکھوں گا، گورنرسندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن )گونرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ 1500ویں جشن ولادت پر ٹکٹ اور سکہ کے اجراء کے گورنر اسٹیٹ بینک اور وزیراعظم کو خط بھی لکھوں گا۔

امسال بھی گورنرہائوس میں یکم ربیع الاول سے 12ربیع الاول تک روزانہ محفل نعت ، قوالی کی محافل منعقد ہوں گی جس میں ملک بھر سے جید علمائے کرام ، نعت خوان او ر قوال شرکت کریں گے۔ 12ربیع الاول کی تمام محافل کے اخراجات اپنی جیب سے کروں گا۔ ربیع الاول کی محافل کے ضمن میں ڈیجیٹل اسٹیج بنادیا گیاہے۔ 12ربیع الاول کے روز خواتین کے لئے بھی محافل ہوں گی۔

محفل نعت ، قوالی ہوگی جس میں عوام کے لئے گورنرہائوس کے دروازے کھلے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں مختلف مکاتب فکر کے جید علمائے کرام کے ہمراہ ربیع الاول کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آج کے اس اجلاس کو بلانے کا مقصد نبی کریم ۖکا 1500واں دن آنے والا ہے۔ پوری دنیا میں اس کا اہتمام کیا جارہا ہے کسی بھی مسلما ن کے لئے اس بڑا دن نہیں ہے۔ امسال بھی گورنرہائوس میں 12ربیع الاول کا اہتمام بڑے جوش وجذبہ سے منایا جارہا ہے۔

اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد، مولانا بشیر فاروق، مفتی نعمان نعیمی، مولانا شفیع اکاڑوی، ڈاکٹر صدیق راٹھور، مولانا اکبر درس، مولانا حبیب عطاری سمیت دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔ا س موقع پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی علماء رابطہ کمیٹی کے انچارج حاجی ناصر یامین بھی موجود تھے۔ اجلاس میں جشن ولادت رسول ۖ کے انتظامات پر مشارت۔ صوبہ بھر میں محافل میلاد اور جلوس کے پر امن انعقادکے لئے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔ علمائے کرام نے 12ربیع الاول کے انتظامات کے حوالہ سے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔گورنر سندھ نے علمائے کرام کو مکمل تعاون اور سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی بھی کرائی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے مزید کہا کہ حضورۖ کی ولادت کی خوشی امت کو محبت ، اخوت اور امن کا پیغا م دیتی ہے۔ میڈیا کے دوستوں کا شکریہ جو ہمیشہ بلانے پر یہاں آکر ہماری کوریج کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اللہ کے سامنے جواب دینا ہے ،اللہ تعالیٰ سب کو تکبر سے بچائے۔ گورنرہائوس میں تین برس میں بہت سے گورنر اینیشیٹیوز پر دن رات کام ہورہا ہے۔ 50ہزار نوجوان آئی ٹی کی مفت تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ دس لاکھ راشن بیگز مستحقین میں تقسیم کئے۔سولر سسٹم کی تقسیم کئے اور ہر عید الاضحیٰ پر 100 اونٹوں کی قربانی ہوتی ہے۔ اپنی تعریف کے لئے نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے کام کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے 12ربیع الاول کے بابرکت روز مجھے گورنرسندھ کے منصب پر بٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ گورنر۔ہائوس کے باہر امید کی گھنٹی لگائی تاکہ سائیلین کے مسائل حل کئے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تین برس میں نے ذاتی جائیدا د بیچ کر عوام کی خدمت کی اور کوئی تنخواہ نہیں لی۔گورنر ہائوس میں کسی بھی پروگرام کے لئے سرکاری ایک روپیہ بھی استعمال نہیں کیا۔انہو ں نے کہا کہ پوری قوم کو جشن ولادت کی مبارک باد پورے جوش و خروش سے دیتاہوں۔

انہو ں نے کہا کہ گورنرہائوس کی ہیلپ لائن سے جشن ولادت کی محافل کے منتظمین سے رابطہ میں رہیں گے۔ میری دعا ہے کہ پورے پاکستان میں جشن ولادت کے پروگرامز خیرو عافیت سے ہوں ، آمین۔ میڈیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد گورنرکے پاس اختیارات نہیں لیکن اللہ کی رضا کے لئے کام کررہا ہوں۔ آج گورنرہائوس عوامی مرکز بن چکا ہے ، تمام مذہب ، مسالک کی رائے سے اسے چلاتے رہیں گے۔