محمد جاوید قصوری 13

14 اگست یومِ آزادی پوری قوم کے لیے مسرت، فخر اور تجدیدِ عہد کا دن ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ 14 اگست یومِ آزادی پوری قوم کے لیے مسرت، فخر اور تجدیدِ عہد کا دن ہے،پاکستان اپنے قیام کے 79 برس مکمل کر چکا ہے، مگر حقیقی آزادی کا تقاضا ہے کہ ملک کو سیاسی انتشار، معاشی بدحالی، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور لاقانونیت سے نجات دلائی جائے اور عوام کو آئین و قانون کے مطابق بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، جس کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں دیں۔ آزادی کا مقصد محض ایک جغرافیائی خطے کا حصول نہیں تھا بلکہ ایسا معاشرہ قائم کرنا تھا جہاں عدل، مساوات، دیانت، شفافیت اور قانون کی حکمرانی ہو۔ آج ہمیں بحیثیت قوم اس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ پاکستان کو مضبوط، خودمختار، خوشحال اور اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملک اس وقت سنگین مسائل سے دوچار ہے۔

مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، نوجوانوں میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے، کاروباری سرگرمیاں مشکلات کا شکار ہیں جبکہ لاقانونیت اور حکمرانی کے بحران نے عوام کا اعتماد مجروح کیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ اور مختلف ناموں سے عائد ظالمانہ ٹیکسز نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کا بہترین تقاضا یہ ہے کہ حکمران عوام کی مشکلات کو سمجھیں، شاہانہ اخراجات میں کمی کریں، اشرافیہ کو حاصل مراعات ختم کریں اور قومی وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں۔ ملک کی ترقی کا راستہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے، صنعت و تجارت کو فروغ دینے اور کرپشن و بدعنوانی کے خاتمے سے ہی نکلتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی نے کہا کہ عوامی حقوق کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ اسی سلسلے میں 16 اگست کو لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا، جس میں مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں، پٹرولیم لیوی اور ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔ 16 اگست کے دن چاروں صو یوں میں ایک وقت میں دھرنوں کا آغاز ہوگا ۔انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ یومِ آزادی کو محض جشن تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی، جمہوری، خوشحال اور خودمختار ریاست بنانے کے عزم کے ساتھ منایا جائے۔ یہی شہداء اور بانیانِ پاکستان کی قربانیوں کا حقیقی تقاضا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں