شازیہ ماریہ 19

11 اگست قائداعظم کے پاکستان کے عہد کی تجدید کا دن ہے، شازیہ مری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 11 اگست قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔

11 اگست 1947ء کو قائداعظم نے ہر شہری کے مساوی حقوق، مذہبی آزادی، مساوات اور رواداری کا واضح اور تاریخی پیغام دیا تھا۔شازیہ مری نے کہا کہ قائداعظم کے وژن کے مطابق پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب اور عقیدے پر آزادانہ عمل اور عبادت کا مکمل حق حاصل ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادریوں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے اور اقلیتی برادریاں ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں برابر کی شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا متفقہ 1973ء کا آئین اقلیتوں کے حقوق اور مساوی شہریت کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے۔

آئینِ پاکستان ہر شہری کو مذہب، ذات اور عقیدے سے بالاتر ہوکر مساوی حقوق اور بنیادی آزادیوں کا تحفظ فراہم کرتا ہے۔مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے 2009ء میں 11 اگست کو قومی اقلیتی دن قرار دے کر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کو قومی سطح پر اجاگر کیا۔ صدر آصف علی زرداری کا یہ فیصلہ قائداعظم کے وژن اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ سے عملی وابستگی کا واضح اظہار تھا۔شازیہ مری نے کہا کہ 11 اگست ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کسی ایک طبقے، مذہب یا برادری کا نہیں بلکہ ہر پاکستانی کا ملک ہے۔ مذہب کی بنیاد پر کسی بھی شہری کے ساتھ امتیاز کی کوئی گنجائش نہیں۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ محض آئینی ذمہ داری نہیں بلکہ قائداعظم کے پاکستان کی روح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ اقلیتوں کے مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کی مضبوط علمبردار رہی ہے۔مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد اتحاد، یکجہتی اور تمام برادریوں کی مساوی شمولیت پر ہے۔شازیہ مری نے کہا کہ ہمیں قائداعظم کے وژن اور شہید بھٹو کے متفقہ آئین کی روح کو عملی طور پر نافذ کرنا ہوگا۔ پاکستان وہ ملک ہے جہاں اکثریت اور اقلیت کی تفریق کے بجائے تمام شہری برابر کے حقوق رکھتے ہیں۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ 11 اگست صرف ایک دن نہیں بلکہ مساوات، برابری اور برابر شہریت کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ پاکستان سب کا ہے اور ہر پاکستانی برابر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں