اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)یونیسف نے ملک بھر میں بچوں میں کووڈ 19 سے بچاؤ کے حوالے سے رہنما اصول جاری کر دیئے ہیں۔ وزارت قومی صحت کی ویب سائٹ پر یہ رہنما اصول بچوں کی صحت اور دیکھ بھال کرنے والے ہیلتھ پریکٹیشنرز کی رہنمائی کے لئے اپ لوڈ کئے گئے ہیں۔
جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ یہ رہنما اصول یونیسف، پی پی اے اور وزارت صحت کی مشترکہ کوششوں سے تین روزہ تربیتی پروگرام کے دوران بنائے گئے ہیں۔ تربیتی پروگرام میں ملک کے نامور ڈاکٹروں، پروفیسرز، فیملی پریکٹیشنرز اور جنرل فزیشنز نے شرکت کی۔ آئندہ چند ماہ کے دوران مزید تربیت دی جائے گی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پروگرامز ڈاکٹر عطیہ آبرو نے کہا کہ مسلسل تنہائی ہمارے بچوں کے لئے نہ صرف ذہنی اور جسمانی صحت کے لئے نقصان دہ ہے بلکہ تعلیمی ترقی کے لئے بھی خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے چند ماہ میں 18 سال تک کے بچوں کو کووڈ 19 کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے بارے میں معالجین کو مناسب معلومات کے ساتھ انتظامات کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان میں یونیسف کے نمائندہ تاج دین اوپوئے نے کہا کہا کہ ہمارے سامے بہت چیلنجز ہیں، بڑھتی ہوئی آبادی، نوزائیدہ بچوں کی اموات، وبائی امراض، موسمیاتی تبدیلیاں، قدرتی آفات شامل ہیں۔ اس موعق پر ملک کے معروف ماہر امراض اطفال بھی موجود تھے۔ پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر گوہر نے اس تربیتی پروگرام کو بے حد سراہا اور اسے بین الاقوامی معیار کا پروگرام قرار دیا۔