یوم یکجہتی کشمیر

یوم یکجہتی کشمیر:نرسنگ کالج جنرل ہسپتال میں پرنسپل روبینہ انعام کی قیادت میں ریلی کا انعقاد

لاہور۔5فروری(رپورٹنگ ڈیسک)یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کالج آف نرسنگ امیر الدین میڈیکل کالج لاہور جنرل ہسپتال کے زیر اہتمام پرنسپل روبینہ انعام کی قیادت میں ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں فیکلٹی ممبران اور نرسنگ طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ریلی نے شرکاء نے کشمیر کی آزادی کے حق میں پمفلٹس اٹھا رکھے تھے،نرسنگ طالبات نے “لے کر رہیں گے کشمیر”اور “کشمیر بنے گا پاکستان” کے فلک شگاف نعرے بلند کیے جبکہ شرکاء نے ہاتھوں کے زنجیریں بنا کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔شرکاء نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ عالمی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں کی قراردادوں کو نظر انداز کیا اور سیکر لر ازم کے دعوؤں کے بر عکس بنیادی انسانی حقوق کی جس طرح سے دھجیاں اڑائیں گئیں اُس کی اور کہیں مثال نہیں ملتی۔

پرنسپل نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال روبینہ انعام نے ریلی کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور جدوجہد آزادی میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جس کے لئے پاکستانی قوم ہر فورم پر اُن کی حمائیت جاری رکھے گی۔

روبینہ انعام نے مقبوضہ کشمیر کے عوام پرڈھائے جانے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں اور اُن کے حوصلے، صبر اور استقلال کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پرنسپل لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کی ہدایت پر میڈیکل سٹاف نے آج کے دن اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے جو اس امر کا اعادہ ہے کہ ہر پاکستانی شہری اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا تھا، ہے اور انشاء اللہ رہے گا۔