لاہور(ر پورٹنگ آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی ۔ملاقات کرنے والوں میں میاں محمد اختر حیات، چوہدری لیاقت علی، سلیم سرور جوڑا، غلام علی اصغر خان، چوہدری افتخار حسین، احمد خان ، امین اللہ خان، مامون تارڑ اور محمد ارشد چوہدری شامل تھے۔چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میںباہمی دلچسپی کے امور، حلقوں کے مسائل اور فلاح عامہ کے منصوبو ں پر بات چیت ہوئی۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے اراکین اسمبلی کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کسی کو منتخب نمائندوں کے جائز کام میں آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔ منتخب نمائندوں کو پورا عزت و احترام ملے گا۔ عوام کے مسائل کے حل کے لئے عوامی نمائندوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھوں گااور اراکین اسمبلی کی تجاویز کو پوری اہمیت دی جائے گی اورقابل عمل تجاویز پر عملدرآمد ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام سے عوام کو علاج کی بہترین سہولتیں مفت ملیں گی۔ ہم کام کر رہے ہیں اور اپوزیشن شر پھیلا رہی ہے۔پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے۔انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم منہ کے بل جا گری ہے۔ماضی میں سبز باغ دکھانے والوں نے عوام کو ہمیشہ دھوکہ دیا۔کسی الزام کی پرواہ نہیں، صرف عوام کی خدمت کیلئے آیا ہوں۔لوٹ مار کی منڈی لگانے والے اب مظلوم بننے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ عوام کو دھوکہ دینا اپوزیشن کا وطیرہ ہے لیکن اب ایسے نہیں ہوگا۔اراکین اسمبلی نے مسائل کے حل کیلئے فوری احکامات جاری کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔
