کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم قائد کے ویژن پر عملدرآمد کریں گے، ملک کو اس جگہ لے کر جائیں گے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا،عالم اسلام کو متحد ہونا ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آج گورنر صاحب،کابینہ کے ساتھ قائد کے مزار پر خراج عقیدت پیش کرنے حاضر ہوا ہوں، قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں پیارا ملک پاکستان دیا، ہم قائد کے ویژن پر عملدرآمد کریں گے، ملک کو اس جگہ لے کر جائیں گے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ملکی حالات پر گورنر سندھ نے تفصیل سے روشنی ڈالی ہے، اللہ اس ملک کی لیڈر شپ کو طاقت دے کہ وہ سیاسی اور معاشی مشکلات سے مقابلہ کرسکیں۔
مرادعلی شاہ کاکہنا تھا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، فلسطین میں اسرائیلی بربریت جاری ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، عالم اسلام کو متحد ہونا ہوگا، متحد ہوکر عالم اسلام مسلمان مخالف قوتوں کا مقابلہ کریں، اپنی ذاتی رنجشوں کو پیچھے رکھ کر ملکی مسائل کو حل کریں۔ واضح رہے کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 76 ویں برسی عقیدت واحترام سے منائی گئی ۔ قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد ہوئیں جس میں بابائے قوم کو ان کی شاندار خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔