اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ ہم دودھ کے دھلے نہیں ہیں، ہمارے دور میں بھی غلط چیزیں ہوئی ہیں،شرم کی بات ہے اسرائیل کا سب سے بڑا مخالف آج جیل میں ہے، عمران خان کو رہا کیا جائے۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنماء پی ٹی آئی علی محمد خان نے کہا کہ امت مسلمہ پر حملہ ہو چکا ہے، ایک ماہ قبل دشمن نے پاکستان پر طبع آزمائی کی تو دشمن کا غرور پاش پاش ہوا اور قاتل مودی کا غرور خاک میں ملا۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ فلسطین کے زخموں پر خاموش رہی، کاش مسلمانوں کی ترجمانی کیلئے بانی چیئرمین اِس وقت باہر ہوتے ، امت مسلمہ خاموش ہے، آواز اٹھانے والوں کو چن چن کر مٹا دیا گیا، بھٹو کو پھانسی دے دی گئی، بانی چیئرمین کی آواز دبا دی گئی۔
انہوں نے کہاکہ شرم کی بات ہے کہ اسرائیل کا سب سے بڑا مخالف آج جیل میں ہے، حالیہ عید کِس غم کے ساتھ گزاری، ہمارا دل ہی جانتا ہے۔ ہم محسن پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، شہدا کے ناموس کی حفاظت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بھی غلط چیزیں ہوئیں، ہم دودھ کے دھلے نہیں۔ غزہ، طرابلس، تہران سمیت تمام امتِ مسلمہ بانی چیئرمین کی رہائی کی منتظر ہے، انہیں رہا کیا جائے۔