اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمارے عہدیداران کو ہٹایا جارہا ہے ایسے میں بات چیت کیسے کریں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاک فوج کی ملک کے لیے بہت قربانیاں ہیں، ملک کا دفاع کیا ہے، ابھی جنگ جیتی ہے، ہم اس کو قدر سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر کسی کی مدت کا تعین آئین کے مطابق ہونا چاہئے، ہم نے نہ اس قانون سازی کو چیلنج کیا ہے، نہ کرنے کا ارادہ ہے، 2030 تک پلان کی جہاں تک بات ہے تو پلان تو سب کرتے ہیں، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سیلاب پر تمام جماعتوں کو سیاست اور صوبائیت سے بالاتر ہوکر سب کی مدد کرنے کی ضرورت ہے، اس وقت ملک میں سیلاب کی صورتحال ہے، پنجاب حکومت سے بھی کہتا ہوں کہ مل کر سیلاب متاثرین کےساتھ تعاون کریں۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت سیلاب متاثرین کے لیےکوششیں کررہی ہے، پیر سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں جا رہا ہوں، بونیر میں سلاب متاثرین کے ساتھ ہوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اپوزیشن لیڈرز کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا، بات چیت کا عمل کیسے ہو جب آپ ہمارے عہدے داروں کو ہٹارہے ہیں، ہمارے ارکان کو نااہل کیا جارہا ہے ایسے میں بات چیت ممکن نہیں۔