مظفر آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ یقین کامل ہے کہ ہمارے بھائیوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیری اپنی منزل حاصل کرکہ رہیں گے۔
آزاد کشمیر کے یوم تاسیس پر اپنے بیان میں راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آج سے 74 سال قبل پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے جموں کشمیر کے عوام نے سیاسی جدوجہد شروع کی تھی جبکہ ہندوستانی افواج نے کشمیر پر حملہ کیا جس کے جواب میں مسلح مزاحمت کے ذریعے یہ خطہ ہندوستان سے آزاد کروایا گیا، 24 اکتوبر کے اعلامیہ پر پوری روح کے ساتھ عمل درآمد نا کیا جاسکا یہ بدقسمتی ہے، لائن آف کنٹرول کے اس پار بھائیوں کو آج کے دن یقین دلاتے ہیں کہ ان کی جدوجہد ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔
راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ یقین کامل ہے کہ ہمارے بھائیوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیری اپنی منزل حاصل کرکہ رہیں گے، کشمیر میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد ہیں سب ایک ہیں، دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ہم ایک ہیں ہم ملکر رہیں گے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا حق استعمال کریں گے۔