ہفتہ رحمت العالمین

ہفتہ رحمت العالمین:جنرل ہسپتال میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس،ملازمین کی بھرپور شرکت

لاہور (عکس آن لائن)ہفتہ رحمت العالمین کے سلسلے میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اور لاہور جنرل ہسپتال میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں نرسز، میڈیکل سٹوڈنٹس اور پیرامیڈیکل سٹاف کی جانب سے درودوسلام اور نعت خوانی کی گئی۔
ہفتہ رحمت العالمین
تقاریب کا اہتمام میڈیکل کے طلبا، نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈکس نے کیااوراس بابرکت محافل میں انتظامیہ سمیت ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ شان رحمت اللعالمین منانے کا مقصد فروغ عشق رسول ؐ ہے تاکہ نئی نسل کو اسوہ رسولؐ سے آگاہی دی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حضوراکرمﷺ تمام انسانیت کے لیے رول ماڈل کی حیثیت کے حامل ہیں، اطاعت رسول ؐ ہی اطاعت الٰہی کا بہترین وسیلہ ہے جبکہ امام الانبیاء کی پیروی سچے مسلمان کا سرمایہ حیات اورسرخروئی کا وسیلہ ہے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ سرور کونین ؐکی عزت وحرمت مسلمانوں کے لیے اپنی جان ومال سے بڑھ کر ہے آپ ؐ کی ختم نبوت پر ایما ن رکھنے والا کوئی بھی مسلمان حضوراکرمؐ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ؐ کے اخلاق واوصاف کا تذکرہ ہمارے لیے رہنمائی کا اولین ذریعہ ہے بلکہ عصر حاضر کے تمام مسائل کا حل اسوۃ حسنہ رسولؐ کی کامل اتباع میں موجود ہے۔

انہوں نے ہفتہ رحمت العالمین کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور اس سلسلے میں حکومتی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بالخصوص وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ذکر کیا جنہوں نے یہ ہفتہ منا کر مسلمانوں کے دل جیت لیے ہیں۔
ہفتہ رحمت العالمین
نرسنگ سپرٹینڈنٹ رمضان بی بی، خالدہ تبسم اور صبیحہ مجید نے کہا کہ ہمیں اسلامی تعلیمات کے مطابق دکھی انسانیت کی خدمت کا عہد کرنا چاہیے اور میڈیکل کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ محنت اور فلاحی سرگرمیوں کیلئے آگے آنا چاہیے،سیر ت النبیﷺ کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے انور سلطانہ، صدف، حافظہ کلثوم، عظمیٰ یاسین، مہناز خالد،حمیرہ اکرم اور روبینہ رشید نے اس امر کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی نرسنگ برادری ایسی مثبت سرگرمیوں میں پیش پیش ہو گی۔

پیرا میڈیکل سٹاف ایسو سی ایشن کے صدررانا پرویز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نبی آخر الزماں ؐ کی تعلیمات کی پیروی کرتے ہوئے پیرا میڈکس محنت،ایمانداری اور لگن کو اپنا شعار بنائیں گے اور اسلامی اصولوں کے مطابق روزمرہ کے معاملات اور سرکاری فرائض کی بجا آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی اور وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ آخر میں لنگر بھی تقسیم ہوا۔