لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے باپ، چچا اور بیٹی کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے 5سالہ بچی تحریم فاطمہ کو سی سی ڈی سے دادی کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس اسجد جاوید گھرال نے کیس کی سماعت کی،عدالت میں سی سی ڈی پولیس نے بچی کو پیش کیا جبکہ درخواست گزارکی جانب سے وکیل نے تفصیلی دلائل پیش کئے۔وکیل درخواست گزار کے مطابق پولیس نے 10اکتوبر کو قاسم اور فخر عباس کو بچی سمیت گھر سے اٹھایا تھا۔ بعد ازاں پولیس مقابلے میں قاسم ہلاک جبکہ فخر عباس زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
تاہم بچی اب تک اپنے قانونی لواحقین کے حوالے نہیں کی گئی تھی، جس پر عدالت میں استدعا کی گئی کہ بچی کو فوری طور پر والدین یا قریبی رشتہ دار کے سپرد کیا جائے۔عدالت نے سماعت کے بعد فیصلہ صادر کرتے ہوئے تحریم فاطمہ کو دادی کے حوالے کرنے کا حکم دیا اور ساتھ ہی ہدایت کی کہ زخمی فخر عباس کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔