نہال ہاشمی 12

گورنر سندھ کی عائشہ بلوچ کو ایشیئن گیمز 2026 میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد

کراچی ( رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ایشیئن گیمز 2026 کی ریسلنگ کے فائنل میں بھارتی حریف کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کرنے پر عائشہ بلوچ کو دلی مبارکباد دی ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ عائشہ بلوچ نے اپنی شاندار کارکردگی، غیر متزلزل عزم اور غیر معمولی صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی بیٹی کی یہ تاریخی کامیابی پوری قوم خصوصاً نوجوان خواتین کے لیے باعثِ فخر، حوصلہ افزا اور قابلِ تقلید مثال ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عائشہ بلوچ نے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی نوجوان بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔ کھیلوں کے میدان میں حاصل کی گئی یہ کامیابی محنت، لگن اور مستقل مزاجی کا عملی مظہر ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستانی کھلاڑی آئندہ بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ عالمی مقابلوں میں سبز ہلالی پرچم سربلند کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کی کامیابیاں ملک کے روشن مستقبل اور کھیلوں کے فروغ کی علامت ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی، کھیلوں کے فروغ اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ پوری قوم کو اپنی بیٹی عائشہ بلوچ کی اس شاندار کامیابی پر فخر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں