کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کیپٹن محمد سرور شہید نشانِ حیدر کے 77ویں یومِ شہادت پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں گورنر سندھ نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی عظیم قربانی ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کیپٹن سرور شہید نے بہادری، ایمان، عسکری حکمتِ عملی اور فرض شناسی کی ایسی مثال قائم کی جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ قوم آج بھی اپنے پہلے نشانِ حیدر کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے 27 جولائی 1948 کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران تلیترہ کے مقام پر مادر وطن کیلیے جان کا نذرانہ پیش کیا۔
گورنر کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ شہداء کا خون ہماری آزادی، خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کی ضمانت ہے۔ کیپٹن سرور شہید کا جذبہ نئی نسل کے دلوں میں حب الوطنی، قربانی اور فرض شناسی کا جذبہ بیدار کرتا ہے. انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے اس عظیم سپوت پر فخر ہے جس کی قربانی پاکستان کی عسکری اقدار کی بنیاد بنی اور جس کی میراث آج بھی زندہ ہے۔