احسن اقبال 5

گلگت بلتستان کو بھی ملک کے دیگر صوبوں کی طرح تمام حقوق اور ترقیاتی مواقع ملنے چاہئیں، احسن اقبال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی قانونی حقوق، مساوی سہولیات اور وسائل سے محروم نہیں رکھا جا سکتا، گلگت بلتستان کو بھی ملک کے دیگر صوبوں کی طرح تمام حقوق اور ترقیاتی مواقع ملنے چاہئیں۔جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے قائم خصوصی سٹیئرنگ کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کی، جس میں ذیلی کمیٹیوں کی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ انہوں نے ایک سال قبل ہی وزیراعظم پاکستان کو تحریری طور پر سفارش کی تھی کہ گلگت بلتستان کو قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) میں باقاعدہ حصہ دیا جائے تاکہ خطے کی معاشی خودمختاری اور تیز رفتار ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ سیاسی مشاورت کو حتمی شکل دینے کے بعد ایک جامع اور ٹھوس لائحہ عمل جلد وزیراعظم آفس کو پیش کیا جا رہا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مضبوط اور بااختیار گلگت بلتستان ہی ایک مضبوط پاکستان کا ضامن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں