کپاس کی پیداوار

کپاس کی پیداوار میں اضافے کیلئے برازیل ،چین سے اعلیٰ معیار کے بیچ درآمد کر نے کا فیصلہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا نے کہا ہے کہ کپاس کی پیداوار میں اضافے کیلئے برازیل اور چین سے اچھی اقسام کے بیچ درآمد کر کے انہیں پنجاب سیڈ کارپوریشن کے سیڈ فارمز پر کاشت کیا جائے گا،کپاس کے ساتھ ساتھ دالوں اور تیل دار اجناس کی پیداوار میں اضافے کے لیے بھی منصوبے پر کام جاری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کو زراعت میں خود کفیل بنانے کے حوالے سے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر ایڈمن محبوب عالم، پراجیکٹ ڈائریکٹر شابی حسن، ڈائریکٹر فنانس حافظ انعام الحق، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شاہد قادر، پی ایس او ٹو مینیجنگ ڈائریکٹر عامر سہیل بھٹی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اورکپاس کی پیداوار میں اضافے کے لیے بہاولنگر کے علاقے کو موزوں قرار دیا گیا۔ مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا نے کہا کہ پنجاب حکومت سے 200 ایکڑز زرعی رقبہ لے کر اس پر پلانٹ مشینری اور سیڈ فارمز کا قیام عمل میں لایا جائے گا، کاٹن ریسرچ کے اداروں کے ساتھ باہمی تعاون سے کپاس کے اعلی معیار کے بیجوں کی کاشت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کپاس ہماری معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، اس کی پیداوار میں اضافے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار ہمیشہ معیاری اور تصدیق شدہ بیج ہی کاشت کریں تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے سے نہ صرف کسان خوشحال ہو گا بلکہ ملک بھی معاشی طور پر مضبوط ہوگا۔