لاہور(رپورٹنگ آن لائن)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کورونا وبا کے دوران متاثرہ افراد کی جان بچانے اور جنرل ہسپتال میں بہترین طبی و تشخیصی سہولیات فراہم کرنے پر پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کی پیشہ وارانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایوارڈ سے نوازا ہے اور اُن کی خدمات کو لائق تحسین قرار دیا ہے جس پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردارمحمد الفرید ظفر نے ڈاکٹرز کی حوصلہ افزائی پر گورنر پنجاب کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اور ا ن کی ٹیم حکومت کے شانہ بشانہ عوام کی صحت کے حوالے سے ہر قسم کا چیلنج قبول کرنے کیلئے ہمہ وقت تیا ر ہیں اور ڈاکٹرز کمیونٹی اپنی پیشہ وارانہ خدمات سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔انہوں نے یقین دلایا کہ ہر قسم کے حالات میں دکھی انسانیت کی خدمت کی اولین ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور انشاء اللہ مشترکہ اقدامات کے ذریعے کورونا کی دوسری لہر میں بھی کامیاب ہوں گے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ قوم اپنی خاطر جانیں داؤ پر لگانے والوں پر فخر کرتی ہے اور کورونا وباء کے دوران غیر معمولی خدمات سر انجام دینے پر شعبہ صحت سے وابستہ افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے جذبہ خدمت انسانی کو سراہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈکس نے اپنی جانوں کی پروا نہ کرتے ہوئے کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کا علاج جاری رکھا اور اس جدوجہد کے دوران متعدد ہیلتھ پروفیشنلز نے اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جنرل ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے بہترین انتظامات اور خصوصی نگہداشت پر پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر کی انتظامی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر دیگر حکام بھی تھے۔ بعدازاں گورنر پنجاب نے سربراہ جنرل ہسپتال کی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازی شیلڈ سے نوازااور انہیں اس کامیابی پر مبارکباد دی۔