خادم حسین

کورونا سے متاثر کاروبار کی بحالی کیلئے پنجاب روزگار سکیم سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا’خادم حسین

لاہور(کامرس رپورٹر )تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے پنجاب میں کورونا سے متاثر کاروبار اور نیا کاروبار کرنے کیلئے آسان قرضوں کی فراہمی کیلئے پنجاب روزگار سکیم کے اجراء کو صنعتی شعبہ کی ترقی کیلئے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پنجاب میں صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اس سکیم کے تحت آسان قرضوں کی حد ایک لاکھ روپے سے پچاس لاکھ روپے تک ہوگی ۔

انہوںنے کہا کہ کورونا وباء نے معیشت کو بری طرح متاثر کیا ،معیشت رکنے سے غربت،افلاس اور بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے ۔ایسے وقت میں حکومت پنجاب کی طرف سے پنجاب روزگار سکیم کا اجراء صنعتی شعبہ کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ پنجاب میں کاروباری سرگرمیاں بڑھانے اور نئی سرمایہ کاری لانے کی ضرورت ہے،پنجاب روزگار سکیم معاشی سرگرمیاں بڑھانے میںمدد گار ثابت ہوگی ۔اس سکیم کے تحت کورونا سے متاثرہ کاروبارکی بحالی کیلئے معاونت کی جائے گی،نئے کاروبارشروع کرنے کیلئے آسان شرائط پر قرضے دیے جائیں گے ۔