میڈیکل کالج

کل پاکستان پارلیمانی مباحثے میں امیر الدین میڈیکل کالج کی ٹیم فائنل میں،رنر اپ قرار

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا کہ جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس نے اپنی پیشہ وارانہ تعلیم کے ساتھ ساتھ علم و ادب اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور اس کل پاکستان پارلیمانی مباحثے میں دوسری پوزیشن حاصل کرنا بلا شبہ کسی اعزاز سے کم نہیں۔

تفصیلات کے مطابق کل پاکستان 25ویں پارلیمانی مباحثے کا انعقاد گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے 28ٹیموں نے شرکت کی جبکہ امیر الدین میڈیکل کالج کی ڈیبیٹنگ سوسائٹی کی ٹیم نے سیمی فائنل میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی جہاں اے ایم سی کا ٹاکرا ایف سی کالج کی ٹیم کے ساتھ ہوا اور یہ ٹیم رنر اپ قرار پائی۔
 امیر الدین میڈیکل کالج
امیر الدین میڈیکل کالج کی مباحثہ ٹیم میں میڈیکل کے سٹوڈنٹس حذیفہ وسیم،رانا آلیان اور رانا عمر شامل تھے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس مباحثے کی تمام نشستوں میں امیر الدن میڈیکل کالج کے حذیفہ وسیم آٹھویں بہترین مقرر قرار پائے۔

پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے بھی ڈیبیٹنگ سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے اس اہم کامیابی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ امیر الدین میڈیکل کالج کے طلبا و طالبات ماضی کی طرح آئندہ بھی اسی لگن کے ساتھ اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے اور ادارے کے لئے نیک نامی کا باعث بنیں گے جبکہ کالج کی ڈیبیٹنگ سوسائٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمدنذیرنے اس کامیابی پر طلبا اور امیر الدین میڈیکل کالج کی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔