ڈیلس (رپورٹنگ آن لائن) چئیرمین نیشنل کشمیر کمیٹی پاکستان شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی نہتے کشمیریوں کے ساتھ زیادتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریاست ڈیلس کے شہر ڈیلس میں فرینڈز آف کشمیر کے تحت ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے شہریار خان آفریدی نے کہا کہ یہ ان کی خوش نصیبی ہے کہ وہ آج ڈیلس کے کشمیر پرست سنجیدہ لوگوں میں موجود ہیں، تقریب میں نوجوان کشمیریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی جنہیں دیکھ کر شہریار آفریدی نے اپنے خطاب کو ان نوجوانوں کی نذر کرتے ہوئے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہمارے نوجوان بچے مسئلہ کشمیر کے مسئلے کو سمجھیں اور اس کے لئے اپنی اپنی سطح پر جد و جہد کریں،کشمیریوں کے ساتھ جانوروں سے بھی بدتر سلوک کیا جا رہا ہے۔
شہریار خان آفریدی کا کہنا تھا کہ کوویڈ سے متاثرہ 4 ہزار کشمیریوں کیلئے وہاں ایک ڈاکٹر ہے جبکہ ہر 9 کشمیریوں پر بھارتی حکومت نے ایک فوجی مسلط کر رکھا ہے، ہم بھارت کے انسانیت سوز مظالم پر چپ نہیں رہیں گے، کشمیر کمیٹی عالمی سطح پر متحرک ہو چکی ہے، ہم دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھائیں گے۔
شہریار خان آفریدی کا کہنا تھا کہ معاشی فوائد یا تعلق کو انسانیت پر فوقیت نہیں دی جا سکتی۔ شہریار خان آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کشمیر کمیٹی کو فری ہینڈ دیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ یہ کمیٹی اور مجھ سمیت اس کے تمام ارکان متحرک رہیں گے اور کوششوں کا دائرہ کار عالمی سطح تک وسیع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہماری زندگی کا مقصد انسانیت ہے اور ہم کشمیر میں بھارتی مظالم پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہمارے لئےٹریڈ نہیں انسانیت مقدم ہے۔
شہریار خان آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا میں کہیں غیر مسلم کے ساتھ کہیں زیادتی ہو جائے پوری عالمی برادری آسمان سر پہ اٹھا لیتی ہے، وہاں روز نہتے کشمیریوں پر بھارت انسانیت سوز مظالم کر رہا ہے کسی کے کان پر جوں نہیں رینگتی، یہ انسانیت کے اصولوں کے خلاف ہے۔ شہریار خان آفریدی کا کہنا تھا کہ گوگل اور دیگر سوشل فورمز پر بھارت کا اثر رہا ہے، وہاں جو بھی معلومات ہیں یکطرفہ اور حقائق کے بر خلاف ہیں لیکن ہم نے اپنی انتہائی قابل اور تعلیم یافتہ ٹیم کے زریعے کانٹر کرنا شروع کر دیا ہے، اب یکطرفہ ٹریفک نہیں چلے گا۔
چئیرمین نیشنل کشمیر کمیٹی پاکستان شہریار خان آفریدی کا کہنا تھا کہ سویت یونین ہو یا افغانستان میں امریکی جنگ ہم نے ہر قدم پر امریکہ اور عالمی دنیا کا ساتھ دیا بدلے میں 80 ہزار سے زائد پاکستانی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گئے پاکستان کی معیشت کو 150 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔
چئیرمین نیشنل کشمیر کمیٹی پاکستان شہریار خان آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر میں نہ بچوں کی عزت محفوظ ہیں اور نہ ہی ضعیف العمر خواتین کی، وہاں حالیہ ایسے واقعات گواہ ہیں لیکن عالمی دنیا ہماری بات سننے کو تیار نہیں، اقوام متحدہ نصف صدی سے کشمیر پر اپنی قرار داد پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہے، کسی کے معاشی مفادات ہیں تو کسی کے مذہبی، انکا انسانیت کا درس صرف غیر مسلمز کے لئے ہے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کیوں دنیا کو نظر نہیں آتے۔