کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کشمیر جیسے قومی مفاد کے معاملات پر تمام وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون سے ملاقات کے موقع پر کیا، اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال اور قومی یکجہتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام پر جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر موثر حکمت عملی کیلئے پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر اور سندھ حکومت کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی ہر سطح پر اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔رانا محمد قاسم نون نے پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے اقدامات سے متعلق بتایا۔
شرجیل انعام میمن نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون اور پوری قوم کا متفقہ قومی موقف ہے، سندھ حکومت مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتی رہے گی۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون کو سندھی لنگی اور اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا۔









