کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے ڈینیل پرل کیس میں ملزمان کی نظر بندی کو غیر قانونی قرار دے دیا ۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں امریکی صحافی ڈینیل پرل کیس میں بریت کے بعد ملزمان کی نظر بندی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی،عدالت نے فریقین کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد احمد عمر شیخ سمیت چار و ں ملزمان کی نظر بندی کانوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔
اپنے فیصلے میں سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ ملزمان بغیر کسی جرم کے اٹھارہ سال سے جیل میں ہیں، ملزمان کو جب عدالت طلب کرے گی تو پیش ہوں، ملزمان میں فہد نسیم، سیدسلمان ثاقب اور شیخ محمد عادل شامل تھے، واضح رہے کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے احمد عمر شیخ کو اس کیس میں سزائے موت سنائی تھی، دیگر تین ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، سندھ ہائیکورٹ نے سزا کیخلاف اپیل منظور کرتے ہوئے ملزمان کو بری کردیا تھا۔