ڈاکٹر لیلیٰ شفیق

ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی کی بطور فوکل پرسن ذمہ داری سنبھال لی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی کی بطور فوکل پرسن ذمہ داری سنبھال لی۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے ڈاکٹر لیلیٰ شفیق کو ہدایت کی کہ وہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق شعبہ حادثات(ایمرجنسی) کو اسٹیٹ آف دی آرٹ اور مریضوں کو بر وقت علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

پروفیسر الفرید ظفر نے ڈاکٹر لیلیٰ شفیق سے کہا کہ وہ تمام شعبوں کے انچارج صاحبان سے موثرکو آرڈینیشن کویقینی بنائیں اورتینوں شفٹوں کی مانیٹرنگ اور راؤنڈ کرنے کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر جو عملہ غیر حاضر ہو اُن کی تحریری رپورٹ ایم ایس /نرسنگ سپرٹینڈنٹ کو دی جائے اور صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے معاملات پر خصوصی نگاہ رکھیں اور طے شدہ قوانین و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنائیں۔

پرنسپل پی جی ایم آئی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر لیلیٰ شفیق ایک باصلاحیت خاتون ڈاکٹر ہیں جو پہلے بھی انتظامی عہدوں پر اپنے فرائض سر انجام دیتی رہی ہیں اورامید ہے کہ وہ شعبہ ایمرجنسی کی نئی ذمہ داریوں کوبھی احسن طریقے سے سر انجام دینے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایل جی ایچ انتظامیہ کی ہر ممکن کوشش ہے کہ یہاں آنے والے مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی و تشخیصی سہولیات فراہم کی جائیں۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ جنرل ہسپتال ایمرجنسی میں پنجاب کے علاوہ دوسرے صوبوں سے بھی مریض آتے ہیں یہاں ایسا میکنزم مرتب کریں کہ کسی بھی مریض کو کوئی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے زور دیا کہ ڈی ایم ایس صاحبان اوپن ڈور پالیسی پر عمل کریں اور اپنی اپنی شفٹ کے دوران نظم و ضبط اور ڈسپلن کو ملحوظ خاطر رکھیں۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ شعبہ حادثات میں مریضوں کو اکثر نازک حالت میں لایا جاتا ہے جہاں جان بچانا اولین ترجیح ہوتی ہے اور امید ہے کہ ڈاکٹر لیلیٰ شفیق کی نگرانی میں ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ زیادہ فعال انداز میں اس پالیسی پر عملدرآمد کرے گا۔