ڈاکٹرز 39

ڈاکٹرز کی بروقت تشخیص اور کامیاب انڈوسکوپی، پیشہ ورانہ مہارت کی روشن مثال-پرنسپل پروفیسر فاروق افضل

لاہور ، 28 مارچ (رپورٹنگ آن لائن)جنرل ہسپتال کے فرض شناس اور ماہر ڈاکٹرز نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا دیا۔ تین ماہ کے معصوم بچے کے معدہ سے لوہے کی واشر کامیاب انڈوسکوپی کے ذریعے نکال کر اس کی جان بچا لی گئی۔

پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے اس کامیاب کاوش پر ڈاکٹرز کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جنرل ہسپتال میں مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید طبی سہولیات اور ماہر ڈاکٹرز کی موجودگی کے باعث پیچیدہ کیسز کا بھی کامیاب علاج ممکن بنایا جا رہا ہے، جو عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔

تفصیلات کے مطابق تین ماہ کا علی زین گزشتہ دس روز سے بخار اور کھانسی میں مبتلا تھا۔ نجی کلینک سے علاج کروانے کے باوجود بچے کی حالت مسلسل بگڑتی رہی۔ بعد ازاں ایکسرے کے دوران بچے کے معدہ میں ایک خطرناک فارن باڈی کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔

تشویشناک حالت میں بچے کو فوری طور پر جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسسٹنٹ پروفیسر پیڈیاٹرک گیسٹروانٹرولوجی ڈاکٹر حوریہ رحمان نے پروفیسر محمد شاہد کی نگرانی میں جدید انڈوسکوپی کے ذریعے نہایت مہارت سے سٹیل کی واشر نکال لی۔ بروقت اور کامیاب طبی مداخلت سے بچے کی جان بچا لی گئی۔
کامیاب علاج کے بعد بچے کی حالت بہتر ہے جبکہ والدین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹرز کی ٹیم کو دعاؤں سے نوازا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں