کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سوہو کے خلاف بیک وقت 2سرکاری عہدے رکھنے کے کیس میں فریقین سے جواب طلب کر لیاہے۔
بدھ کوسندھ ہائی کورٹ میں چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سوہو کے خلاف بیک وقت 2 سرکاری عہدے رکھنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ غلام حسین سوہو فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن میں تعینات تھے پھر غلام حسین سوہو کو 3 سال کے لیے چیئرمین میٹرک بورڈ تعینات کیا گیا۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ غلام حسین سوہو نے ایف ڈی ای میں ریٹائرمنٹ کی درخواست دے کر فوری چیئرمین کا عہدہ سنبھالا، نیاعہدہ سنبھالنے کے لیے ریٹائرمنٹ کی درخواست کی منظوری کا انتظار بھی نہیں کیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ اسٹبلشمنٹ ڈویژن نے غلام حسین سوہو کو تاحال ریلیف آرڈر جاری نہیں کیا، چیئرمین میٹرک بورڈ نے 2 ماہ تک بیک وقت 2 اداروں سے تنخواہیں وصول کیں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ چیئرمین میٹرک بورڈ کی تقرری کو خلاف ضابطہ قرار دے کر معاملے کی شفاف انکوائری کا حکم دیا جائے اور چیئرمین میٹرک بورڈ کی تقرری کے نوٹیفکیشن کو درخواست پر فیصلہ ہونے تک معطل کیاجائے۔
عدالت نے اپنے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بیک وقت وفاقی اور صوبائی حکومت میں عہدہ رکھنے کا تنازع غور طلب ہے۔عدالت نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے وکلا تفصیلی جواب کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوں۔عدالت نے فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے 10 ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔