لاہور ہائی کورٹ

پی ٹی آئی کو مینار پاکستان جلسے کی اجازت پر پنجاب حکومت سے جواب طلب

لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کے معاملے پر پنجاب حکومت و دیگر سے جواب طلب کرلیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی 22مارچ کو مینارِ پاکستان جلسے کی اجازت کے لیے تحریک انصاف کے نائب صدر اکمل خان باری کی درخواست پر سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے کی۔سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی 22مارچ کو قانون اور آئین کے مطابق جلسہ کرنا چاہتی ہے، یہ جلسہ منیار پاکستان پر کرنا چاہتے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے عدالت کے حکم پر جلسے کی اجازت کے لیے ہوم سیکرٹری پنجاب کو درخواست دی، ہوم سیکرٹری نے ابھی تک ان کی درخواست پر فیصلہ نہیں کیا، ان کو پرامن جلسے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت مینار پاکستان پر 22 مارچ کو جلسے کی اجازت دے۔بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی مینار پاکستان پر جلسے کی درخواست پر صوبائی حکومت، ہوم سیکرٹری، آئی جی پنجاب پولیس اور ڈی سی لاہور سے آج ( جمعرات ) تک جواب طلب کر لیا۔